10فیصد ودہولڈنگ ٹیکس شادی ہالزنہیں عوام پرلگایا گیا، ایف بی آر

فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کے چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو ریجنل ٹیکس آفس راولپنڈی آفتاب احمد خان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی طرف سے 10فیصد ودہولڈنگ ٹیکس شادی ہالز پرنہیں بلکہ کسٹمرز پر عائد کیا ہے۔ نیا ٹیکس ہونے کی وجہ سے عوام کو آگہی حاصل نہیں اس لیے مسائل پیش آ رہے ہیں، ایف بی آر اس سلسلے میں جلد ہی آگہی مہم بھی شروع کرے گا۔ گزشتہ روز راولپنڈی چیمبرکے دورے پر تاجروں و صنعتکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ نئے ٹیکس کا مقصد ٹیکس گزاروں کو پریشان کرنا نہیں بلکہ یہ ٹیکس نیٹ میں اضافے کی حکومتی مہم کا حصہ ہے ، راولپنڈی چیمبر اس سلسلے میں بھرپور تعاون کر رہا ہے، ریجنل ٹیکس آفس چیمبر کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور کاروباری برادری کو درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔چیف کمشنر آر ٹٰی او راولپنڈی نے کہا کہ ود ہولڈنگ ٹیکس اب قانون بن چکا ہے اور اس پر عملدرآمد ہر شہری کا فرض ہے، کسی بھی پریشانی کی صورت میں ریجنل ٹیکس آفس بھرپور معاونت کرے گا اور غیر رجسٹرڈ یا ٹیکس نیٹ سے باہر تمام میرج ہالز کا ڈیٹا اکھٹا کیا جا رہا ہے تاکہ ٹیکس نیٹ کا دائر کار بڑھا کر بلا تفریق سب کو قانون کا پابند بنایا جا سکے۔ اس موقع پر صدر راولپنڈی چیمبر ڈاکٹر شمائل داؤد نے کہا کہ ٹیکس ادائیگی ہر ذمے دار شہری پر فرض ہے، راولپنڈی چیمبر نے ہمیشہ ٹیکس نیٹ میں اضافے کے لیے اپنی آواز بلند کی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ ٹیکس گزاروں پر بوجھ کم کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ ٹیکس ادا کریں۔

تبصرے بند ہیں.