یہ احتساب نہیں انتقام، عمران خان کو سودا مہنگا پڑے گا: شہباز شریف

مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کو وزیراعظم عمران خان اور نیب کی ملی بھگت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انھیں یہ سودا مہنگا پڑے گا۔مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف کا لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عمران خان اور نیب کی ملی بھگت سے مسلم لیگ (ن) پر ایک اور وار کیا گیا ہے، یہ معیشت کے جنازے کو گرفتاریوں کے پیچھے چھپانا چاہتے ہیں۔انہوں نے سابق وزیراعظم کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نیب کے ادارے کو سیاسی انتقام کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے، شاہد خاقان عباسی کو بھونڈے طریقے سے گرفتار کیا گیا۔شہباز شریف نے بتایا کہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے وارنٹ گرفتاری کا پوچھا تو افسر ایک دوسرے کا منہ تکنے لگے، ڈی جی نیب نے انہیں واٹس ایپ میسج دکھایا، شاہد خاقان عباسی نے ڈی جی نیب سے کہا وارنٹ آرڈر کہاں ہے؟ جس پر انہیں فوٹو کاپی دکھائی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ چند دن پہلے رانا ثنا اللہ کو بھی انتہائی بھونڈے طریقے سے گرفتار کیا گیا تھا۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان نے گزشتہ گیارہ ماہ میں ملکی معیشت کا جنازہ نکال دیا، بجلی پیدا کرنے والے منصوبے کھڈے لائن لگا دیے۔ پانچ ہزار میگاواٹ بجلی کے منصوبے نہ لگتے تو لوگوں کو سخت گرمی میں لوڈشیڈنگ کا پتا چلتا۔ان کا کہنا تھا کہ ایل این جی گیس کی وجہ سے آج گیس لوڈشیڈنگ نہ ہونے کے برابر ہے، اس کا کریڈٹ شاہد خاقان عباسی کو جاتا ہے، لیکن جس حکومت نے بھرپور محنت سے ملک کے بڑے مسائل حل کیے، وہ آج انتقام کا نشانہ بن رہے ہیں۔ شاہد خاقان عباسی کا قصور صرف یہ ہے کہ وہ نواز شریف کے وفادار ساتھی ہیں۔

تبصرے بند ہیں.