یورپی کمیشن متاثرین سیلاب کے لیے12ملین یورو امداد دے گا

اسلام آ باد: یورپی کمیشن کے سول پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ نے سندھ کے3لاکھ 40ہزارسیلاب متاثرین کے لیے خوراک اورغذائیت کی ضروریات پوراکرنے کے لیے مزید12 ملین یوروکی منظوری دی ہے۔ جس کا مقصد متاثرہ اورغریب خاندانوں کو غذائی کمی سے بچانا ہے۔ بدین،میرپورخاص، کشمور، سانگھڑ،عمرکوٹ،جیکب آباد،شکار پوراورٹنڈومحمدخان میں ایک سالہ پروگرام پرعملدرآمد کیا جائے گا۔ پاکستان ایمرجنسی فوڈ سیکیورٹی الائنس پروگرام پر عملدرآمد یقینی بنائے گا۔ الائنس کسی قدرتی آفت کے بعد فوڈسیکیورٹی اورغذائی کمی کے مسائل کے حل کے لیے کوششیں کررہاہے۔پاکستان ایمرجنسی فوڈسیکیورٹی الائنس کے سربراہ عدیل خان نے کہاکہ پروگرام کے تحت غریب و مستحق خاندانوںکو نقد امداد دی جائے گی جبکہ پولٹری فارمنگ، بھیڑ بکریاں پالنے اورکچن گارڈننگ میں معاونت کی جائے گی۔

تبصرے بند ہیں.