یشنل کمیشن فار ہیومن رائٹس سال بعد بھی غیر فعال

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ) نیشنل کمیشن فار ہیومن رائٹس (این سی ایچ آر) قائم ہونے کے ایک سال گزرنے کے باوجود فعال نہیں ہوسکا،
واضح رہے کہ این سی ایچ آر کے چیئرمین اور ممبران کی چار سالہ مدت گزشتہ سال 30 مئی کو ختم ہوگئی تھی، اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کی تعمیل کرتے ہوئے پاکستان نے پیرس اصولوں کے مطابق 2012 کے ایکٹ 16 کے ذریعے این سی ایچ آر قائم کیا تھا۔پیرس اصول انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لیے قومی اداروں کی حیثیت اور اس فرائض سے متعلق ہیں جو اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن نے 1992 میں اور بعد میں 1993 میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ایک قرار داد کے ذریعے منظور کیے گئے تھے، یہ کمیشن ملک میں بین الاقوامی معاہدوں اور ا?ئین کے مطابق انسانوں کے حقوق کی حفاظت یا فروغ کے لیے کام کرتا ہے۔مذکورہ کمیشن حکومت کے بجائے آزاد حیثیت میں کام کرتا ہے اور براہِ راست پارلیمان کو جوابدہ ہے جبکہ کمیشن کی مالیاتی اور کارکردگی رپورٹس بھی سالانہ بنیادوں پر منظوری کے لیے پارلیمان میں پیش کی جاتی ہیں، این سی ایچ آر کے بنیادی فرائض اور اختیارات میں افراد یا اداروں کی طرف سے دائر درخواستوں پر یا از خود کارروائی کے ذریعے، انسانی حقوق سے متعلق زیادتیوں کے الزامات کی تحقیقات سمیت دیگر شامل ہیں۔اس کے علاوہ یہ کمیشن انسانی حقوق کے اصولوں کے سلسلے میں موجودہ اور مجوزہ قانون سازی کا جائزہ لیتا ہے، ملک میں انسانی حقوق کی صورتحال سے متعلق پالیسی امور پر تحقیق اور تجاویز جاری کرتا ہے، ملک میں انسانی حقوق کے بارے میں شعور اجاگر کرنے اور وکالت کے اقدامات میں شراکت کرتا ہے، حکومت کی طرف سے ریاست میں انسانی حقوق کے نفاذ اور اس کی نگرانی کے بارے جائزہ اور رپورٹ پیش کرتا ہے اور ملک میں انسانی حقوق کے فروغ، تحفظ اور تکمیل کے لیے عملی اقدامات کا قومی منصوبہ تیار کرنے کا کام کرتا ہے۔ وزارت انسانی حقوق کے ڈائریکٹر جنرل محمد ارشد نے کہا کہ کمیشن کی تشکیل اور اس کے چیئرمین اور ممبران کی تقرری میں ان کی وزارت کی طرف سے کوئی تاخیر نہیں ہے، ان کاکہنا ہے کہ این سی ایچ آر کے سابق چیئرمین نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے حکم امتناع لے رکھا ہے اور اس کی وجہ سے یہ عمل رک گیا ہے، اس کے خاتمے کے بعد ہم کمیشن کے ممبران کی تقرری کا عمل شروع کردیں گے، اسلام آباد ہائی کورٹ میں اس حوالے سے گزشتہ سماعت کے دوران ہمیں امید تھی کہ یہ ختم ہوجائے گا تاہم سابق چیئرمین کے وکیل عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔

تبصرے بند ہیں.