ہیلی کاپٹر کے ایک منٹ سفر پر کتنی رقم خرچ ہوتی ہے ؟

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے 55روپے میں ہیلی کاپٹر سے ایک کلو میٹر کے سفر کا بیان سامنے آنے کے بعد یہ وی آئی پی سفر پاکستانیوں کا موضوع بحث بن گیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان اسلام آباد میں اپنی سرکاری رہائشگاہ پرائم منسٹر ہائوس سے اپنی ذاتی رہائشگاہ بنی گالا تک کا سفر بذریعہ ہیلی کاپٹر کررہے ہیں،حکومت کے سادگی کے دعوئوں اور اس عمل پر فواد چوہدری نے جو بیان دیا اس نے ملک میں نئی بحث چھیڑ دی ہے ۔

ایک طرف کہا جارہا ہے کہ ہیلی کاپٹر کا سفر وزیراعظم اور وزرائے اعلیٰ کا استحقاق ہے تو دوسری طرف سے جواب آتا ہے کہ سادگی اپنانے والوں کی جانب سے ایسا عمل مناسب نہیں۔

وفاقی وزیراطلاعات سے جب اس بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے ہیلی کاپٹر کے استعمال کا دفاع کیا اور کہا کہ ہیلی کاپٹر سفر کاسستا ذریعہ ہے،فی کلو میٹر پر 50سے 55روپے کا خرچ آتا ہے۔

فواد چوہدری کےاس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر دلچسپ ماحول پیدا ہوگیا ہے ،اس ساری صورتحال میں ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں ایک صاحب پرانے ہیلی کاپٹر کے کنڈکٹر بنے ہوئے ہیں اور 15 روپے کرائے کی آوازیں لگا رہے ہیں۔

عمران خان وزیراعظم منتخب ہونے سے پہلے اپنی سیاسی اور انتخابی سرگرمیوں کےلئے متعدد بار ہیلی کاپٹر استعمال کرچکے ہیں،انہیں خیبرپختونخوا کے سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال پر تحقیقات کا بھی سامنا ہے ۔

عمران عام طور پر چارٹر کمپنی پرنسلے جیٹ کے ہیلی کاپٹر استعمال کرتے ہیں ، پرنسلے جیٹ کے پاس ایر بس کمپنی کے تین EC 130 B4 ہیلی کاپٹر ہیں ، سنگل انجن کے حامل یہ چھوٹے ہیلی کاپٹر ہیں ، فضائی عملہ صرف ایک پائلٹ پر مشتمل ہے ، کل 6 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے ۔

عمران خان اس ہیلی کاپٹر میں پائلٹ کے برابر والی نشست پربھی بیٹھ کر سفر کرتے رہے ہیں ، اس ہیلی کاپٹر کی ایک گھنٹہ پرواز کا کرایہ 4 ہزار ڈالر ہے یعنی فی منٹ کاکرایہ 66اعشاریہ 66 ڈالر بنتا ہے۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق عمران خان پرنسلے جیٹ کے طیارے استعمال کریں یا ہیلی کاپٹر کرایہ جہانگیر ترین ہی ادا کرتے ہیں،ترین کی پرنسلے جیٹ کمپنی میں سرمایہ کاری ہے وہ پرنسلے جیٹ کے ہیلی کاپٹر پروجیکٹ میں شیئر ہیں ۔

تبصرے بند ہیں.