ہفتہ رفتہ، جی ایس پی پلس اسٹیٹس کے اثرات، روئی کی قیمتوں میں اضافہ

عالمی سطح پرکپاس کی ابتدائی تخمینوں سے کم پیداواراورکھپت میں اضافے کے حوالے سے یونائٹیڈاسٹیٹس ڈپارٹمنٹ آف ایگریکلچرل (یوایس ڈی اے) کی جاری کردہ رپورٹ کے علاوہ یورپین یونین کی جانب سے پاکستان کوجی ایس پی پلس کا درجہ ملنے کے فیصلے کے بعد پاکستان میں گزشتہ ہفتے کے دوران روئی کی قیمتوں میں تیزی کا رجحان غالب ہونے سے اس بات کی توقع ہوگئی ہے کہ رواں ہفتے کی دوران دنیا بھر میں روئی کی قیمتوں میں تیزی کا رجحان جاری رہے گا۔ پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن (پی سی جی اے) کے سابق ایگزیکٹو ممبر احسان الحق نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے یورپی یونین نے کثرت رائے سے پاکستا ن کو جی ایس پی پلس اسٹیٹس دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد پاکستان سے یورپی یونین کو برآمد ہونے والی بیشترکاٹن پروڈکٹس پر 8فیصد ڈیوٹی اور 3فیصد ٹیکس ختم ہونے کے بعد توقع ہے کہ پاکستان میں روئی کی کھپت میں کم از کم 15لاکھ بیلز کااضافہ اور ایک بلین ڈالر کی مزید کاٹن ایکسپورٹس ہونگی تاہم یورپی یونین 6دسمبر کو ہونے والے ایک اور اہم اجلاس میں اس کی حتمی منظوری دیگی جس کے بعد جنوری 2014 سے پاکستان سے یورپی یونین کوجی ایس پی پلس اسٹیٹس کے تحت برآمدات شروع ہوجائینگی جو آئندہ 3سے 5سال تک جاری رہنے کاامکان ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے کی دوران یو ایس ڈی اے کی جانب سے جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق 2013-14 کے دوران دنیا بھر میں کپاس کی پیداوار 117.22ملین بیلز (480پائونڈ) ہوگی جو پہلے تخمینوں کے مقابلے میں 2لاکھ بیلز کم ہیں جب کہ یو ایس ڈی اے کی رپورٹ میں 2013-14 کے دوران روئی کی کھپت کااندازہ 109.63ملین بیلز لگایا گیا ہے جو پہلے تخمینوں کے مقابلے میں 1لاکھ بیلز زیادہ ہیں۔

تبصرے بند ہیں.