ہرارے ٹیسٹ؛ زمبابوے کی ٹیم 327 رنز بنا کر آؤٹ، پاکستان کی دوسری بیٹنگ جاری

ہرارے: پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز زمبابوے کی پوری ٹیم 78 رنز کی برتری حاصل کرنے کے بعد 327 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی جس کے بعد پاکستان کی دوسری بیٹنگ جاری ہے۔ ہرارے ٹیسٹ کے تیسرے روز زمبابوے نے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو اس کے کھلاڑی ٹیم کے اسکور میں کوئی خاطر خواہ اضافہ نہ کرپائے اور وقتاً فوقتاً پویلین لوٹ گئے، پہلی اننگز میں مالکوم والر نے 70، ایٹون چیگمبورا نے 69 اور سکندر رضا نے 60 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ دیگر کھلاڑیوں میں ٹینو ماوویو 13، ووسی سبانڈا 31، ہیملٹن مساکڈزا 19، رچمنڈ ماتمبامی 13، پراسپر اٹسیا 16 اور شنگی مساکڈزا 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے جادوگر اسپنر سعید اجمل نے ایک بار پھر تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے زمبابوین بیٹسمینوں کو تگنی کا ناچ نچایا اور 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ فاسٹ بولر جنید خان نے 2 اور راحت علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔ واضح رہے کہ پاکستانی شاہین پہلی اننگز میں کمزور حریف کے سامنے بھی ریت کی دیوار ثابت ہوتے ہوئے 249 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے تھے، اظہر علی نے 79 اور کپتان مصباح الحق نے 53 رنز بنا کر ٹیم کے اسکور کو 249 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا تھا جبکہ سعید اجمل نے بھی بیٹسمینوں کا کام اپنے ذمے لیتے ہوئے 49 رنز کی ناقابل فراموش اننگز کھیلی تھی۔

تبصرے بند ہیں.