ہاکی ٹیم کی ناکامی، حقائق سے عوام کو آگاہ کیا جائیگا

لاہور: ورلڈ ہاکی لیگ میں قومی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کے حقائق سے عوام کوآگاہ کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، سیکریٹری پی ایچ ایف جلد فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی رپورٹ میڈیا کے سامنے لائیںگے۔

تفصیلات کے مطابق گذشتہ ماہ بیلجیئم میں منعقدہ ایونٹ میں گرین شرٹس کی ناقص کارکردگی نے ملک بھر میں طوفان برپا کردیا تھا، میگا ایونٹ میں شرمناک شکستوں کا جائزہ لینے کے لیے حکومت اور پی ایچ ایف کی طرف سے 2 الگ الگ کمیٹیزبنیں، حکومتی کمیٹی 2 ہفتے قبل اپنی رپورٹ وزیراعظم ہاؤس بھجواچکی، اس میں پی ایچ ایف کی موجودہ انتظامیہ کوہٹاکر سربراہی پی آئی اے، واپڈا، نیشنل بینک، سینٹرل بورڈ آف ریونیو اورآرمی میں سے کسی ایک کو سونپنے کی سفارش کردی گئی ہے، دوسری جانب محمد اخلاق، شاہد علی خان اور منصور احمد پر مشتمل پی ایچ ایف کی تحقیقاتی کمیٹی نے بھی اپنا کام مکمل کر لیا، وہ اپنی رپورٹ حکام کو پیش کریگی،مندرجات کے مطابق ہاکی کا ڈومیسٹک ڈھانچہ ، فنڈز کی کمی اورکوالیفائنگ راؤنڈ میں کھلاڑیوں کا صلاحیتوں کے مطابق نہ کھیلنا عبرتناک شکست کی وجہ بنا۔

تبصرے بند ہیں.