لاہور(کورٹ رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ نے اینٹی کرپشن کو شہباز شریف فیملی کی العربیہ سمیت دیگر شوگر ملز کو ہراساں کرنے سے روکتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کر لیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس شاہد کریم کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے شہباز شریف فیملی کی العربیہ سمیت دیگر 18شوگر ملز کی جانب سے دائر درخواستوں پر سماعت کی ۔درخواست میں اینٹی کرپشن کی کارروائی کو چیلنج کیا گیا جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ اینٹی کرپشن نے 2017 سے 2019 تک کسانوں کو واجبات کی عدم ادائیگی کے خلاف کارروائی شروع کی اور اینٹی کرپشن ساہیوال ریجن نے شوگر ملز کے خلاف کارروائی کے لیے اشتہار بھی جاری کر دیا ۔اشتہار میں گنا سپلائی کرنے والے کسانوں سے تحریری شکایات مانگی گئی ہیں ، اس معاملے پر شوگر ملز کا موقف نہیں سنا گیا ۔ شوگر ملز کا موقف سنے بغیر اشتہار جاری کرنا غیر قانونی ہے ۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت اینٹی کرپشن کے انکوائری کے لیے جاری کیے گئے اشتہارات کو کالعدم قرار دے اور درخواست کے حتمی فیصلے تک اینٹی کرپشن کو ہراساں کرنے سے روکا جائے۔فاضل عدالت نے اینٹی کرپشن کو شوگر ملز کو ہراساں کرنے سے روکتے ہوئے ڈی جی اینٹی کرپشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔
تبصرے بند ہیں.