گڈز ٹرانسپورٹرزکو13678اسکوائر میٹر اراضی بلامعاوضہ دی،کے پی ٹی

کراچی پورٹ ٹرسٹ نے گڈز ٹرانسپورٹرز کے مسائل حل کرنے کیلیے کے پی ٹی کی 13678 اسکوائر میٹر اراضی پارکنگ کیلیے بلامعاوضہ ٹرانسپورٹرز کو فراہم کی ہے۔ جس میں سے 3ہزار اسکوائر میٹر زمین 8 کمپنیوں کو ویئر ہائوسنگ کیلیے عارضی طور پر الاٹ کی گئی، ٹرانسپورٹرز کی جانب سے مزید اراضی فراہم کیے جانے کے مطالبے کے پیش نظر کے پی ٹی نے عارضی الاٹمنٹ حاصل کرنے والی کمپنیوں کو اراضی خالی کرنے کے نوٹس دیے جس پر 5کمپنیوں نے ہائی کورٹ سے رجوع کرکے حکم امتناع حاصل کرلیا اور کے پی ٹی ٹرانسپورٹرز کو یہ زمین فراہم نہ کرسکی۔ کراچی پورٹ ٹرسٹ نے اپنے طور پر ہائیکورٹ سے رجوع کرکے ان مقدمات کو جلد نمٹانے اور حکم امتناع ختم کرنے کی بھی استدعا کی تاکہ یہ زمین جلد از جلد ٹرانسپورٹرز کو پارکنگ کیلیے لیز کی جاسکے، اس دوران کے پی ٹی نے 3000 اسکوائر میٹر رقبے پر باقی 3 کمپنیوں کی تجاوزات ختم کرکے خالی زمین ٹرانسپورٹرز کو الاٹ کر دی، کے پی ٹی نے ٹرانسپورٹرز کو مچھر کالونی میں کے پی ٹی کی زمین عارضی طور پر پارکنگ کیلیے استعمال کرنے کی بھی پیشکش کی۔ کراچی پورٹ ٹرسٹ نے کراچی پولیس کو کنٹینرز کی خریداری کیلیے 22 ملین روپے کی رقم بھی مہیا کی ہے۔

تبصرے بند ہیں.