گولڈ کپ فٹبال : امریکا کی ساتویں مرتبہ سیمی فائنل میں رسائی
بالٹی مور / میری لینڈ: امریکا نے ایل سلواڈور کو 5-1 سے شکست د کر لگاتار ساتویں مرتبہ گولڈ کپ فٹبال کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔ فاتح ٹیم کے تمام گول مختلف پلیئرز نے کیے، ہونڈراس نے کوسٹاریکا کو 1-0 سے ہراکر فائنل فور میں شرکت کا پروانہ پایا۔ تفصیلات کے مطابق ابتدائی کوارٹر فائنل میں امریکا نے ایل سلواڈور پر برتری ثابت کردی، تجربہ کار اسٹرائیکر لینڈن ڈونوان نے ایک گول بنانے کے ساتھ دیگر تین مواقع پرکلیدی کردار ادا کیا، امریکا نے 5-1 سے کامیابی حاصل کی، ڈونوان نے کھیل کے 21ویں منٹ میں ٹیم کے پہلے گول کا سامان کیا، شاندار کراس پر کلیرنس گوڈسن نے 6 گز کی دوری سے گیند کو جال میں پہنچایا۔اگلے چند منٹس میں امریکی گول کیپر نک ریمانڈو نے 2زبردست حملے ناکام بناکر ٹیم کو ملنے والی برتری قائم رکھی، 29ویں منٹ میں اسٹرائیکر جوئے کرونا کریسپن نے ٹیم کی برتری 2-0 کردی، پہلے ہاف کے خاتمے سے6منٹ قبل ایل سلواڈورکو پنالٹی ایریا میں امریکی پلیئر ڈامارکس بیسلے کے فائول پر پنالٹی کک ایوارڈ ہوگئی، روڈولفو سوزیلایا نے اس نادر موقع سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹیم کا خسارہ کم کیا، دوسرے ہاف میں کھیل کے 60ویں منٹ میں بطور متبادل پلیئر میدان میں داخل ہونے والے ایڈی جونسن نے ڈونوان کی کارنر کک پر محض چند سیکنڈز میں گیند کو جال میں پہنچا دیا۔ اس طرح مقابلے امریکا کے حق میں 3-1 بن گیا، 78ویں منٹ میں اسی جوڑی نے چوتھا گول بنایا، جونسن کے فلک ہیڈر پر ڈونوان نے گیند ملنے کے بعد حریف گول کیپر کو مکمل طور پر ڈاج دینے کے بعد خالی گول پوسٹ میں باآسانی گیند پہنچادی، مقابلہ ختم ہونے سے 6 منٹ قبل ڈونوان کے کراس پر میکائل ڈسکروڈ نے امریکا کا پانچواں گول داغ دیا، فاتح ٹیم بدھ کو پہلے سیمی فائنل میں ہونڈراس کا سامنا کریگی، جس نے دوسرے کوارٹر فائنل میں کوسٹاریکا کو 1-0 سے مات دی، واحد گول کھیل کے 49ویں منٹ میں اینڈی ناجار نے اسکور کیا۔
تبصرے بند ہیں.