’’گوروں‘‘ نے بھی پاک بھارت میچ کے ٹکٹ بلیک کیے

برمنگھم: ’’گوروں‘‘ نے بھی پاک بھارت میچ کے ٹکٹ بلیک کیے، میچ کیلیے اسٹیڈیم آتے وقت نمائندہ نے کئی افراد کو اضافی قیمت پر ٹکٹیں فروخت کرتے ہوئے پایا۔ عموماً پاکستان میں میچز کے دوران پولیس اہلکار ٹکٹ اضافی قیمت بھی بیچتے پائے جاتے ہیں گوکہ یہاں ایسا نہیں مگر بلیک مارکیٹنگ کرنے والے کسی فرد کو روکا بھی نہیں گیا، میچ کیلیے کئی ماہ قبل آئی سی سی نے جب ٹکٹیں آن لائن فروخت کیلیے پیش کیں تو وہ آدھے گھنٹے میں ختم ہو گئی تھیں،گولڈ، سلور اور فیملی کیٹیگری کی ٹکٹیں20 سے 60 پاؤنڈ کی تھیں مگر میچ کے دن 300 پاؤنڈ (تقریباً46ہزار پاکستانی روپے) میں بھی فروخت کی گئیں، شائقین کی بڑی تعداد علی الصبح سے ہی اسٹیڈیم کے باہر جمع تھی، کافی دیر تک قطاروں میں کھڑے ہو کر انھیں اندر داخل ہونے کا موقع ملا۔میچ کے وقت اسٹیڈیم میں کان پڑی آواز نہ سنائی دیتی تھی، شائقین کے نعروں نے زبردست ماحول بنایا ہوا تھا، لوگ اپنے ساتھ ہارن بھی لائے ہوئے تھے، وقفے وقفے سے انگریزی گانوں کے ساتھ اسٹیڈیم میں ’’دل دل پاکستان‘‘ اور ’’چک دے انڈیا‘‘ بھی چلائے جاتے رہے،پاکستان کے پہلے ہی سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہونے کے باوجود میچ میں عوام نے بیحد دلچسپی لی اور دور دراز کے شہروں سے بھی برمنگھم آئے، اسٹیڈیم کے اطراف میں کئی جگہ اسٹالز لگا کر دونوں ممالک کے پرچم و دیگر چیزیں فروخت کی گئیں، پاکستانی شائقین کئی بڑی بسوں پر سوار ہو کر اسٹیڈیم آئے جن پر قومی پرچم آویزاں تھے، بارش کے سبب کئی بار کھیل رکنے سے شائقین کو شدید مایوسی کا سامنا کرنا پڑا، واضح رہے قوانین کے مطابق اگر کوئی بھی گیند نہ ہو تو ٹکٹ کی پوری جبکہ پہلی اننگز کے کم از کم9اوورز ہونے کی صورت میں آدھی رقم واپس ملتی ہے۔

تبصرے بند ہیں.