گزشتہ مالی سال برآمدات میں اضافہ، تجارتی خسارے میں کمی

اسلام آباد: مالی سال 2012-13کے دوران حکومت کو گزشتہ سال کے مقابلے میں 3.88فیصد کم 20ارب 45کروڑ دالر تجارتی خسارے کا سامنا رہا۔ پچھلے سال تجارتی خسارہ 21ارب27 کروڑ ڈالر تھا ، 2012-13 میں برآمدات میں 3.7 فیصد اضافہ ہوا جبکہ درآمدات میں اضافہ نہ ہونے کے برابر رہا اور حکومت برآمدات کا سالانہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ حکومتی اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران ملکی برآمدات میں 3.7 فیصد اضافہ ہوا جبکہ برآمدات کا حجم 24.5 ارب ڈالررہا۔ اس کے برعکس دوران درآمدات کا حجم 44.95 ارب ڈالر رہا۔ یوں ہم نے اس سے پچھلے سال 2011-12ء کے مقابلے میں صرف 4کروڑ ڈالر کی درآمدات زیادہ کیں جو کہ 0.09 فیصد اضافہ بنتا ہے ۔ واضح رہے کہ 2012-13 کے دوران پاکستان کو 20.45 ارب ڈالر تجارتی خسارے کا سامنا کرنا پڑا جو کہ اس سے پچھلے سال 2011-12ء سے 3.85 فیصد کم ہے ۔ واضح رہے کہ مالی سال 2011-12ء کے دوران پاکستان کی برآمدات کا حجم 23.64 ارب ڈالر جبکہ درآمدات کا حجم 44.91 ارب ڈالر رہا جبکہ 2011-12ء کا تجارتی خسارہ 21.27 ارب ڈالر تھا ۔ دوسری جانب حکومت نے 2012-13 کے لئے برآمدات کا ہدف 27 ارب ڈالر مقرر کیاتھا۔

تبصرے بند ہیں.