کراچی(سپو ر ٹس ڈیسک)گرین شرٹس کی مصروفیات کے باعث جنوبی افریقہ کا دورہ آئندہ سال تک ٹل گیا،اکتوبر میں شیڈول تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کورونا وائرس کی وجہ سے غیر معینہ مدت تک ملتوی ہو گئے تھے،دونوں ممالک متبادل ونڈو کی تلاش میں سرگرداں مگر ری شیڈولنگ میں شدید مشکلات درپیش کیونکہ پاکستانی ٹیم کے پاس رواں سال کے اختتام تک وقت نہیں جبکہ پروٹیز مستقبل کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہیں۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کا دورہ جنوبی افریقہ آئندہ سال تک ٹل گیا ہے کیونکہ دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز دو ہزار بیس میں محدود اوورز کے میچوں پر مشتمل سیریز کیلئے مناسب وقت نکالنے کے اعتبار سے جدوجہد میں مبتلا ہیں۔آئی سی سی کے فیوچر ٹور پروگرام کے تحت پاکستانی ٹیم کو اکتوبر میں تین ون ڈے اور تین ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کیلئے جنوبی افریقہ جانا تھا لیکن کورونا وائرس کی عالمی وباءکے باعث اس سیریز کو غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کرنا پڑا۔جنوبی افریقہ نے اگرچہ حال ہی میں اپنی سرحدیں کھولنے کا فیصلہ کرلیا لیکن فی الحال کسی بھی ٹیم کو انٹرنیشنل لیول پر کھیلنے کی اجازت نہیں جس کے پیش نظر پاکستانی ٹیم بھی دورے پر جانے سے قاصر ہے جسے دیگر ممالک کیخلاف چیلنجز درپیش ہیں۔پی سی بی ذرائع کے مطابق کرکٹ جنوبی افریقہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ہر ممکن آپشن پر کام کرتے ہوئے پاکستان کیخلاف سیریز کو یقینی بنایا جائے گا جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی اپنی آئندہ مصروفیات سے پروٹیز حکام کو آگاہ کردیا ہے۔واضح رہے کہ نومبر میں قومی کرکٹ ٹیم کی زمبابوے کیخلاف ہوم سیریز کے انتظامات کئے جا رہے ہیں جس کے ساتھ ہی 14سے 17نومبر تک لاہور میں پی ایس ایل سیزن پانچ کے پلے آف میچوں کا انعقاد بھی کیا جائے گا اور اس کے بعد گرین شرٹس نیوزی لینڈ روانہ ہو جائیں گے جہاں انہیں نومبر اور دسمبر میں دو ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز میں شریک ہونا ہے یوں رواں برس کے اختتام تک پاکستانی ٹیم کے پاس کوئی وقت نہیں کہ وہ پروٹیز کیخلاف میچوں کا انعقاد ممکن بنا سکے۔ جنوبی افریقی ٹیم کو آئندہ برس جنوری سے لے کر مارچ کے درمیان سری لنکا اور آسٹریلیا کے علاوہ پاکستان کیخلاف بھی میچوں کا اہتمام کرنا ہے لیکن کورونا وائرس کی وجہ سے فی الحال کچھ بھی یقین سے نہیں کہا جا سکتا کہ شیڈولنگ کس طرح طے کی جائے گی جبکہ فی الوقت بھی جنوبی افریقی ٹیم کسی ملک کا سامنا کرنے کو تیار نہیں جس کے کئی کھلاڑی آئی پی ایل میں شرکت کی وجہ سے دستیاب نہیں اور آئندہ سال کے اوائل میں بھی یہی مسائل ایک بار پھر درپیش ہو سکتے ہیں جب کوویڈ 19کی صورتحال میں بہتری کے بعد بھارتی لیگ اپنے مقررہ وقت یعنی اپریل میں کھیلی جائے گی اور پاکستان کے ساتھ جنوبی افریقہ کیلئے بھی ونڈو تلاش کرنا آسان نہیں ہوگا۔
تبصرے بند ہیں.