اسلام آباد:سپریم کورٹ نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کو موخر کرنے کا پشاور ہائی کورٹ ایبٹ آباد بنچ کا فیصلہ معطل کر دیا۔ عدالت نے فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے سماعت 14 فروری تک ملتوی کر دی۔سپریم کورٹ کے جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس عائشہ ملک پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ الیکشن کمیشن کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ یکم فروری کی سماعت کا نوٹس دو فروری کو موصول ہوا، پانچ اضلاع کے شیڈول موخر کرنے کی درخواست پر 18 اضلاع کا الیکشن موخر کر دیا گیا۔جسٹس عائشہ ملک نے ریمارکس دیئے کہ ہائیکورٹ کو فیصلے سے پہلے الیکشن کمیشن کا موقف سننا چاہیے تھا، اس بات کی تصدیق نہیں ہوئی کہ کے پی میں موسمی حالات الیکشن میں رکاوٹ ڈال سکتے ہیں۔ جسٹس اعجازالاحسن کا کہنا تھا کہ ہائیکورٹ کو فیصلہ دینے کی اتنی جلدی کیا تھی؟ محکمہ موسمیات کی رپورٹ کو الیکشن کمیشن نے دیکھنا تھا عدالت نے نہیں۔
تبصرے بند ہیں.