کویت میں ایک بھارتی شہری کی خودکشی‘ دوسرے کو زندہ بچالیا گیا

خلیجی ملک میں ایک سال میں خودکشی کے 41 واقعات اور خودکشی کی 43 کوششیں درج کی گئیں

کویت سٹی – خلیجی ملک کویت میں ایک بھارتی باشندے نے خود کو پھانسی پر لٹکا کر بظاہر خودکشی کرلی جب کہ خودکشی کی کوشش کرنے والے ایک اور ہم وطن کو زندہ بچالیا گیا۔ مقامی اخبار الانباء نے سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ پہلے کیس میں ایک 27 سالہ شخص کی لاش اس وقت ملی جب اس نے الفروانیہ کے علاقے میں ایک مشترکہ رہائش گاہ میں ایک کمرے کی چھت سے خود کو رسی سے لٹکا لیا تھا، جس کے بارے میں اس کے دوستوں نے بتایا کہ اسے مالی پریشانی اور ڈپریشن کا سامنا تھا۔
دریں اثنا ایک اور ہندوستانی تارک وطن سے اپنے ہاتھ کی شریانیں کاٹ کر خودکشی کرنے کی کوشش کے بارے میں پوچھ گچھ کی جا رہی ہے، جس کے ایک دوست نے اس کی خودکشی کی کوشش کی اطلاع دی اور اسے ہسپتال میں داخل کرایا گیا، ذریعہ نے خودکشی کی کوشش پر تارکین وطن کی ملک بدری کو مسترد نہیں کیا تاہم نہ تو خودکشی کی کوشش کا مقصد اور نہ ہی اس کی عمر واضح ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ حالیہ مہینوں میں کویتی میڈیا نے خودکشی کے نتیجے میں متعدد ہلاکتوں اور کوششوں کی اطلاع دی ہے، تقریباً 4.6 ملین افراد پر مشتمل ملک میں گزشتہ سال خودکشی کے 41 واقعات اور خودکشی کی 43 کوششیں درج کی گئیں۔ کویتی ذرائع نے بتایا کہ ملک میں اس طرح کی کوششوں میں مبینہ اضافے کے بعد خودکشی کی کوشش کرنے والے تارکین وطن کو ملک بدری کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اس ضمن میں ایک اور مقامی اخبار القبس نے ایک ذریعہ کے حوالے سے بتایا کہ وزارت داخلہ کی طرف سے سکیورٹی اہلکاروں کو ان معاملات سے مضبوطی سے نمٹنے کے لیے واضح اور سیدھی ہدایات جاری کی گئی ہیں، اس کے علاوہ کویت نے اس مقام پر خودکشی کی کوششوں میں اضافے کے بعد شیخ جابر کاز وے پر سکیورٹی بڑھا دی ہے، جو دنیا کے طویل ترین پلوں میں سے ایک ہے۔

تبصرے بند ہیں.