کوئٹہ: طوفانی بارشیں، چھتیں، دیواریں گرنے سے 7 افراد جاں بحق، نشیبی علاقے زیر آب

کوئٹہ: بلوچستان بھر میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، کوئٹہ سمیت مختلف علاقوں میں چھتیں گرنے اور دیواریں منہدم ہونے کے مختلف واقعات میں 3 خواتین سمیت 7 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں طوفانی بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، نواحی علاقوں میں درجنوں کچے مکانات کو نقصان پہنچا۔کوئٹہ کے علاقے سریاب میں چھت گرنے اور دیواریں منہدم ہونے کے مختلف واقعات میں 3 خواتین سمیت 6 افراد جاں بحق ہوئے، مشرقی بائی پاس کے علاقے میں ڈیم کے قریب دو پچیاں برساتی پانی میں بہہ گئیں، شہر کے مختلف علاقوں میں 20 افراد زخمی بھی ہوئے۔کوئٹہ میں ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیموں کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کاروائیاں جاری ہیں۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ اور ایس ایس پی آپریشن نے بارش سے متاثرہ علاقے کلی، گوہر آباد، سریاب کا دورہ کیا اور امدادی کاموں کا جائزہ لیا۔کلی گوہر آباد میں بارش سے 40 خاندان متاثر ہوئے، متاثرہ خاندانوں کو عارضی طور پر قریبی سکول میں منتقل کر دیا گیا۔

تبصرے بند ہیں.