کوئٹہ دھماکے کیخلاف شہر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال، 12 گھنٹے بعد دھماکوں کا مقدمہ درج

کوئٹہ: ہزارہ ڈیمو کریٹک پارٹی کی کال پر کوئٹہ دھماکوں کے خلاف شہر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال جاری جبکہ 12 گھنٹے بعد دھماکوں کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔ گزشتہ روز ہزارہ ٹاؤن میں خود کش حملے اور بم دھماکے میں 30 افراد جاں بحق اور 60 سے زائد زخمی ہوگئے تھے، واقعے کے خلاف مجلس وحدت مسلمین ،ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی اور اتحاد تاجران بلوچستان کی اپیل پر آج کوئٹہ میں شٹرڈاؤن ہڑتال کی جارہی ہے، اس موقع پر شہر کے تمام اہم کاروباری و تجارتی مراکز بند ہیں جس سے شہریوں کو مشکلات کاسامنا ہے جبکہ امن و امان کی خراب صورتحال کے باعث شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر سیکورٹی مزید سخت کردی گئی ہے، تاہم دھماکوں کے شہدا کی تدفین کا فیصلہ تاحال نہ ہوسکا۔ دوسری جانب واقعے کے خلاف ایم ڈبلیو ایم، ایچ ڈی پی اور تحفظ ہزارہ عزاداری کونسل کے زیر اہتمام شہر میں 3 روزہ سوگ بھی منایا جارہا ہے، پولیس نے 12 گھنٹے گزرنے کے بعد دھماکوں کا مقدمہ درج کرلیا جبکہ سیکیورٹی خدشات کے باعث کوئٹہ ایکسپریس کو بھی آگے جانے سے روک دیا گیا تھا جس کی وجہ سے مسافر کو مشکلات کا سامنا ہے، ٹرین آج روانہ ہوگی۔

تبصرے بند ہیں.