کوئٹہ: کوئٹہ میں مشرقی بائی پاس کے قریب ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں دس سکیورٹی اہلکاروں سمیت بارہ افراد جاں بحق، تیرہ اہلکاروں سمیت انیس افراد زخمی ہو گئے۔ ریپڈ رسپانس گروپ کے اہلکار بس کے ذریعے ہیڈ کوارٹر سے ڈیوٹی کے لئے کوئٹہ آرہے تھے۔ بس جیسے ہی بھوسہ منڈی کے قریب پہنچی تو رکشے میں نصب ریموٹ کنٹرول بم دھماکے سے پھٹ گیا۔ دھماکے میں جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کوسول اورسی ایم ایچ منتقل کردیا گیا ہے۔ آئی جی بلوچستان مشتاق احمد سکھیرانے جائے وقوعہ کا دورہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کرشہریوں کو بچایا۔ ڈی آئی جی آپریشن فیاض سنبل کے مطابق دھماکے میں سوکلوگرام بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کرشواہد اکٹھے کرکے مزید تحقیقاقات شروع کردی ہے۔
تبصرے بند ہیں.