کم میچز میں 15 سنچریاں، ویرات کوہلی نے سعید انور سے ریکارڈ چھین لیا
ہرارے: ویرات کوہلی نے کم میچز میں15ون ڈے سنچریاں بنانے کا ریکارڈ سعید انور سے چھین لیا۔ انھوں نے یہ کارنامہ بدھ کو زمبابوے کیخلاف 115کی اننگز کھیل کر انجام دیا، یہ ان کے کیریئر کا 106 واں میچ تھا، سابق پاکستانی اوپنر نے کیریئر کی ابتدائی 15 ون ڈے سنچریاں 143 میچز میں مکمل کی تھیں، بھارتی سچن ٹنڈولکرنے یہ کارنامہ کیریئر کے 182ویں میچ میں انجام دیا تھا، کوہلی کی ریکارڈ ساز پرفارمنس اور ڈیبیو پر امباتی رائیدو کی ففٹی سے تقویت پاتے ہوئے بھارت نے زمبابو ے کو 6 وکٹ سے شکست دی، پانچ میچز کی سیریز میں اسے 1-0 کی برتری گئی، میزبان ٹیم کی جانب سے پاکستانی نژاد بیٹسمین سکندر رضا کے 82 رنز رائیگاں گئے، امیت مشرا نے 3 وکٹیں حاصل کیںتفصیلات کے مطابق پہلے بیٹنگ کی دعوت ملنے پر زمبابوین اوپنرز ووسی سبانڈا اور سکندر رضا نے ٹیم کو 72 رنزکا آغاز فراہم کیا، سبانڈا (34) کو مشرا نے ٹھکانے لگایا، سکندر نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا لیکن دوسری جانب سے پلیئرز کی آمدورفت کا سلسلہ جاری رہا، سین ولیماز 15، ہیملٹن مساکیڈزا11، برینڈن ٹیلر 12 اور میکس ویلر 2 رنز پر میدان بدر ہوگئے، 176 کے مجموعے پر سکندر بھی 82 کی اننگز کھیلنے کے بعد چل دیے، ایلٹن چگمبرا نے 43 ارنز ناٹ آؤٹ بناکر ٹیم کا مجموعہ 7 وکٹ پر 228 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیاامیت مشرا نے 43 رنز کے عوض 3 وکٹیں اپنے نام کیں، بھارت نے مطلوبہ ہدف 44.5 اوورز میں حاصل کرلیا، اوپنرز روہت شرما (20) اور شیکھر دھون (17) کی جلد پویلین واپسی کے بعد میچ کے ہیرو ویرات کوہلی اور امباتی رائیدو کے درمیان تیسری وکٹ کیلیے 159 کی پارٹنر شپ بنی، کپتان 108 گیندوں پر 115 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، رائیدو 63 پر ناقابل شکست رہے، کوہلی کو مین آف دی میچ ایوارڈ دیا گیا۔
تبصرے بند ہیں.