کل فائنل کے موقع پر برمنگھم میں ہلکی بارش کا امکان

برمنگھم: اتوار کو فائنل کے موقع پر برمنگھم میں ہلکی بارش کا امکان ہے، میچ نہ ہونے کی صورت میں دونوں ٹیموں کو فاتح قرار دے دیا جائے گا۔ دریں اثنا بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی کا کہنا ہے کہ ہم ایونٹ میں ناقابل شکست ہونے کے باوجودانگلینڈ کو آسان حریف نہیں سمجھتے، میڈیا سے بات چیت میں انھوں نے کہا کہ ایونٹ میں شریک ہر ٹیم کی طرح انگلینڈ بھی اچھی سائیڈ ہے، ہم گذشتہ دو برسوں میں ایک دوسرے کیخلاف کافی کرکٹ کھیل چکے اور ایک دوسرے کے بارے میں بہتر طور پر جانتے ہیں۔دوسری جانب سیمی فائنل کے مین آف دی میچ ایشانت شرما فیصلہ کن معرکے میں بھی عمدہ پرفارمنس کیلیے بے چین ہیں، انھوں نے مضبوط انگلش بیٹنگ لائن کے حوالے سے سوال پر کہا کہ اگر آپ صحیح جگہ پر بولنگ کررہے ہیں تو کوئی بھی کھلاڑی اچھی طرح نہیں کھیل سکے گا، گذشتہ پانچوں میچز میں ہم اسی فارمولے پر عمل کررہے ہیں، اب فائنل میں بھی ایسا ہی کریں گے، انھوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی میں ہم نے اب تک اچھی کرکٹ کھیلی اور حالیہ حکمت عملی کو اتوار کے روز بھی اپنائیں گے۔

تبصرے بند ہیں.