آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاہے کسی بھی غیر متوقع صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں،ملک کو اب بھی چیلنجز کا سامنا ہے مگر یہ چیلنجز اتنے نہیں جتنے ماضی قریب میں تھے ،حتمی کامیابی کی جانب سفر جاری رکھنے کیلئے ہمیں صبر کرنا ، پرعزم اور متحد رہنا ہوگا۔ہفتے کو سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ نے شمالی وزیر ستان کے علاقے دواتوئی میں پاک افغان سرحد پر اگلے مورچوں کا دورہ کیا۔ سرحد پر باڑ لگانے ،سرحدی علاقوں میں اقتصادی و سماجی ترقی کے منصوبوں اور عارضی طور پر بے گھر ہونیوالے افراد(ٹی ڈی پیز)کی بحالی کے منصوبے پر بریفنگ دی گئی،یہ وہی علاقہ ہے جہاں یکم مئی کو افغانستان سے دہشت گردوں نے باڑ لگانے والے اہلکاروں پر حملہ کیاتھا،جس میں 3جوان شہید ہوئے تھے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق انہوں نے امن واستحکام کیلئے جوانوں کے حوصلے اوربلندمورال کوسراہا۔جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا افغان مفاہمتی عمل کی کامیابی اور علاقائی امن کیلئے پاکستان اپنا مثبت کردار جاری رکھے ہوئے ہے ،کسی بھی ناگہانی صورتحال کامقابلہ کرنے کیلئے تیارہیں، اس کیلئے ہم سرحدی باڑ ،نئے قلعوں اور چوکیوں کی تعمیر کے ذریعے اپنی سرحد کو مضبوط بنا نے کا کام کررہے ہیں،اپنی سرحد کو مؤثر طریقے سے کنٹرول کیلئے ہم ایف سی کے جوانوں کی تعداد میں بھی اضافہ کررہے ہیں،ہم اپنی مشرقی سرحد پربھی مکمل طور پر چوکس اور تیاری کی حالت برقرار رکھے ہوئے ہیں۔جنرل باجوہ نے کہا پاکستان کو ابھی بھی چیلنجز کا سامناہے ،مگر یہ اتنے نہیں جتنے چیلنجز کا ہم ماضی میں سامنا کرچکے ہیں ۔
تبصرے بند ہیں.