کرکٹ کی عالمی جنگ ، انگلینڈ اور پروٹیز آج مد مقابل

ورلڈ کپ کا باقاعدہ آغاز جمعرات کو ہوگا، افتتاحی میچ اوول گرائونڈ لندن پر میزبان انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ میزبان سائیڈ کی بیٹنگ لائن سپر اسٹارز سے جگمگا رہی ہے جس میں ٹاپ پر جیسن روئے اور جونی بیئر اسٹو موجود ہیں، وہ ایک روزہ کرکٹ میں سب سے بہتر اسٹرائیک ریٹ کے حامل ہیں، باقی لائن اپ میں بھی ایون مورگن، جوئے روٹ، جوز بٹلراور بین اسٹوکس جیسے بہترین کھلاڑی موجود ہیں۔کپتان مورگن انگلی کی انجری کے باعث وارم اپ میچز نہیں کھیل پائے تھے تاہم اب مکمل فٹ ہیں،تمام نظریں حال ہی میں انگلینڈ کی نمائندگی کیلیے کوالیفائی کرنے والے فاسٹ بولر جوفرا آرچر پر ٹکی ہوں گی جنھیں فاسٹ ٹریک پر ٹیم کا حصہ بنایا گیا۔مورگن نے کہاکہ ہمارے تمام کھلاڑی مکمل فٹ اور میدان میں اترنے کیلیے بے تاب ہیں، ہم ہمیشہ ایک گروپ کے طور پر بات کرتے ہیں یہی وجہ ہے کہ ہم سے بہت زیادہ توقعات وابستہ اور فیورٹ کا ٹیگ دیا گیا ہے، ہمیں اپنے کھیل پر مکمل اعتماد ہے، کسی بھی ورلڈ کپ یا ایشز کا پہلا میچ ہمیشہ ہی مختلف ہوتا ہے۔دوسری جانب جنوبی افریقی ٹیم کافی متوازن دکھائی دے رہی ہے، وکٹ کیپر بیٹسمین کوئنٹین ڈی کک کسی بھی انگلش اوپننگ بولرکی پٹائی کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، وہ ایک مستند میچ ونر ہیں، ٹیم میں تجربہ کار ہاشم آملا اور کپتان فاف ڈوپلیسی بھی موجود ہوں گے۔اگرچہ پہلے میچ میں پروٹیز کو اپنے انتہائی تجربہ کار فاسٹ بولر ڈیل اسٹین کی خدمات انجری کے باعث میسر نہیں ہیں تاہم توجہ کا مرکز 24 سالہ پیسر کاگیسو ربادا ہیں، وہ انڈین پریمیئر لیگ کے ٹاپ 2 وکٹ ٹیکرز میں سے ایک تھے۔ اسی طرح عمران طاہر بھی جنوبی افریقی اٹیک کو زیادہ خطرناک بنا رہے ہیں۔کپتان ڈوپلیسی نے کہاکہ ہم ہر قسم کے دبائو سے آزاد ہوکر میدان میں اتریں گے، چاہے آپ فیورٹ ہوں یا نہیں اچھی کرکٹ ہی کھیلنا ہوتی ہے۔واضح رہے کہ لندن کا موسم صبح کے وقت ابر آلود ہوگا تاہم بارش کا امکان کم ہے،پچ بیٹسمینوں کیلیے موزوں تاہم بولرز بھی لائن اینڈ لینتھ پر توجہ دیتے ہوئے خطرے کا باعث بن سکتے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.