کرپشن کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کرپشن کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے کرپشن اور ترقی کا سفر ایک ساتھ نہیں چل سکتا۔وزیراعظم عمران خان نے اوکاڑہ میں رینالہ خورد میں نیا پاکستان ہاوٴسنگ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان، صوبائی وزیرہاؤسنگ محمود الرشید، جہانگیر ترین، ترجمان وزیراعظم ندیم افضل چن ودیگر موجود تھے۔اس سے قبل وزیراعظم عمران خان لاہور کے دورے پر پہنچے تو ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن اعجاز حسین شاہ نے وزیراعظم سے ملاقات کی اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار بھی موجود تھے۔وزیراعظم عمران خان نے اعجاز شاہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کرپشن کے ناسور نے ملکی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے، اداروں کو تباہ کیا ہے اور عام آدمی کی زندگی کو متاثر کیا ہے، کرپشن اور ترقی کا سفر ایک ساتھ نہیں چل سکتا، کرپشن کے خاتمے اور بدعنوان عناصر کے خلاف بلاتفریق و امتیاز کارروائی کو ایک مشن سمجھ کر پورا کیا جائے، حکومت اس ضمن میں ہر ممکنہ تعاون فراہم کرے گی۔

تبصرے بند ہیں.