کرونا ویکسین کی فراہمی اور تیاری کے لیے روس،سعودی عرب میں معاہدہ

یادداشت پر عمل درآمد کے پہلے مرحلے میں ویکسین کو سعودی عرب میں فراہم اور تقسیم کیا جائے گا،سعودی کیمیکل

ریاض (این این آئی )سعودی عرب میںسعودی کیمیکل کمپنی نے روس کے براہ راست سرمایہ کاری فنڈ آرڈیف کے ساتھ ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کردیئے ۔ اس یادداشت کے تحت کرونا وائرس کی خصوصی ویکسین سعودی عرب میں فراہم کی جائے گی۔میڈیارپورٹس کے مطابق سعودی کیمیکل کا کہنا تھا کہ یادداشت پر عمل درآمد کے پہلے مرحلے میں کرونا کی ویکسین کو سعودی عرب میں فراہم اور تقسیم کیا جائے گا۔ اگلے اور دوسرے مرحلے میں ویکسین کی تیاری سے متعلق ٹکنالوجی مملکت منتقل کی جائے گی۔ اس دوران سعودی مقامی افراد کو تربیت دی جائے گی۔اس یادداشت کے لیے سعودی عرب میں متعلقہ اتھارٹیز کی منظوری لازمی ہو گی جس کے بعد یہ ایک سال کے لیے نافذ العمل ہو گی۔روس وہ پہلا ملک ہے جس نے کوویڈ19وائرس کے توڑ کے لیے ویکسین پیش کی۔ روس کا کہنا ہے کہ اس ویکسین کو عوام استعمال کریں گے۔روس میں سرکاری تجربہ گاہ نے اسپوٹنک کے نام سے ویکسین تیار کی۔ بعد ازاں تجربہ گاہ کے ملازمین اور پھر رضاکاروں پر اس ویکسین کو آزمایا گیا۔ ابھی تک اس کے سائیڈ ایفکیٹس کے بارے میں کوئی اطلاع سامنے نہیں آئی۔ روس میں کرونا وائرس کے تقریبا دس لاکھ مصدقہ کیسوں کا اندراج ہو چکا ہے۔ یہ دنیا بھر میں متاثرین کی چوتھی بڑی تعداد ہے۔

تبصرے بند ہیں.