کرسٹیا فری لینڈ کینیڈا کی پہلی خاتون وزیر خزانہ مقرر

کورونا وائرس اب بھی ہمارے درمیان موجود ،انسداد کے لئے ہم سے جوکچھ ممکن ہوسکے گا، ہم کریں گے،گفتگو

ٹورنٹو(مانیٹر نگ ڈیسک)کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے اپنی قریبی حلیف اور نائب کرسٹیا فری لینڈ کو ملک کا وزیر خزانہ مقررکردیا ہے، وہ کینیڈا کی پہلی خاتون وزیر خزانہ بن گئیں ۔میڈیارپورٹس کے مطابق کرسٹیا فری لینڈ، بل مورنیو کی جانشین ہوں گی، جنہوں نے کورونا وائرس پر اخراجات کے معاملے پر ٹروڈو حکومت سے اختلافات کی وجہ سے گزشتہ روز اپنے عہدے سے استعفی دے دیا تھا۔52 سالہ فری لینڈ صحافت کے پیشے وابستہ تھیں جو ماضی میں وزیر خارجہ بھی رہ چکی ہیں۔ انہیں بل مورنیو کے مستعفی ہونے کے ایک دن بعد کینیڈا کے وزیر خزانہ کا عہدہ سونپا گیا ہے۔ وہ نائب وزیر اعظم کے طور پر بھی اپنی ذمہ داریاں حسب سابق انجام دیتی رہیں گی۔فری لینڈ کے سامنے سب سے بڑا چیلنج کووڈ19کی وجہ سے ملک کی بد حال معیشت کو بحال کرنے کا ہے، جس کے بارے میں رواں مالی سال کے دوران 253.4 ارب ڈالر کے خسارہ کا اندازہ لگایا گیا ہے۔ یہ دوسری عالمی جنگ کے بعد سے سب سے بڑا خسارہ بتایا جا رہا ہے۔نئی وزیر خزانہ فری لینڈ نے کہا کورونا وائرس اب بھی ہمارے درمیان موجود ہے۔ یہ پورے ملک کودرپیش ایسا چیلنج ہے جو زندگی میں ایک بار آتا ہے۔ کینیڈیائی شہریوں کی مدد کے لیے، ہم سے جوکچھ ممکن ہوسکے گا، ہم کریں گے۔

تبصرے بند ہیں.