کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن کے لئے رینجرز اور پولیس نے پلان تیار کرلیا

کراچی: کراچی میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کےلئے رینجرز اور پولیس نے ٹارگٹڈ آپریشن کے لئے پلان تیار کرلیا ہے۔ ٹارگٹڈ آپریشن کے لئے کراچی کے پانچوں اضلاع میں 25 ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی جن میں رینجرز کے کمانڈوز بھی شامل ہوں گے۔ رینجرز کے علاوہ پولیس کی 10 خصوصی ٹیمیں بھی بنائی جائیں گی جن کی سربراہی ڈی ایس پی لیول کے افسران کریں گے، پولیس کی ٹیموں میں کرائم انویسٹی گیشن ڈیپارٹمنٹ، اسپیشل انوسٹی گیشن یونٹ اورپولیس کے ایس ایس جی کمانڈوز شامل ہوں گے، ان ٹیموں کی کمانڈ ڈی جی رینجرز کریں گے اور ان کے ساتھ آئی جی کے علاوہ ایڈیشنل آئی جی کراچی، تینوں رینج کے ڈی آئی جیز اور تمام خفیہ اداروں کے اہلکار شامل ہوں گے۔ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ان ٹیموں کو بکتر بند گاڑیاں، اضافی نفری اور ضرورت کے وقت ہیلی کاپٹر بھی فراہم کیا جائے گا۔ گرفتار کئے جانے والے افراد سے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیمیں تفتیش کریں گی جس کے بعد متعلقہ تھانوں میں ان کے خلاف مقدمات درج کروا کر ملزمان کے چالان بلا تاخیر عدالتوں میں پیش کئے جائیں گے۔ دوسری جانب آپریشن کو مؤثر بنانے اور اس کو متنازع ہونے سے بچانے کے لیے وفاقی کابینہ نے تمام اسٹیک ہولڈرز کےساتھ مشاورت کے بعد چار خصوصی کمیٹیاں قائم کردی ہیں، آپریشن کو کنٹرول کرنے کے لیے وزیر اعلیٰ سندھ کی قیادت میں کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، اس کمیٹی میں وفاقی وزارت داخلہ، وفاقی انٹیلی جنس اداروں، رینجرز، نادرا، نارا اور صوبائی حکومت کے نمائندے شامل ہوں گے۔

تبصرے بند ہیں.