کراچی میں رینجرز کا مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن، 45 مشتبہ افراد گرفتار

کراچی: رینجرز اور پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ کارروائیوں کے دوران 45 مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے مختلف اقسام کے ہتھیار بھی برآمد کرلئے۔ کراچی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے گرفتاریوں اور چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے، ترجمان رینجرز کے مطابق رینجرز نے جمشیدروڈ، پٹھان کالونی، لیاری، لانڈھی، شاہ فیصل، نارتھ ناظم آباد، گڈاپ، اولڈسبزی منڈی اورسرجانی ٹاؤن میں ٹارگٹڈ کاررائیوں کے دوران 35 جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے رائفلوں اورکریکرزسمیت مختلف اقسام کا اسلحہ برآمد کرلیا، گرفتار ملزمان میں بعض ٹارگٹ کلنگر اور بھتہ خوری میں ملوث سیاسی گروپوں اورگینگ وارکے کارکن بھی شامل ہیں۔ دوسری جانب پیرآباد میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے کارندے کو گرفتار کرلیا، پولیس کے مطابق ملزم سائٹ کے علاقے میں جماعت خانوں پر دستی بم حملوں میں ملوث ہے، پولیس نے اتحاد ٹاؤن ، بلدیہ ٹاؤن، بلوچ کالونی اور کلفٹن کے علاقوں میں ٹارگٹڈ کارروائی کر کے 10 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ نیو کراچی پاور ہاؤس چورنگی کے قریب ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا، پاپوش میں فائرنگ سے 2 افراد زخمی ہوگئے، ابراہیم حیدری ریڑھی گوٹھ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے فیصل نامی نوجوان جاں بحق ہوگیا۔

تبصرے بند ہیں.