کراچی: شہر قائد اور مضافاتی علاقوں میں ہونے والی بارش کے باعث کئی روز سے جاری گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے جس کے بعد شہریوں نے سکون کا سانس لیا تاہم اس دوران شہر کے 85سے زائد فیڈرز ٹرپ ہونے سے کئی علاقوں کو بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی۔ گزشتہ کئی دنوں سے کراچی میں جاری شدید گرمی نے شہریوں کا جینا دوبھر کیا ہوا تھا،شہر کے مختلف علاقوں میں گزشتہ روز سے بادل گرجنے اور برسنے کے لئے تیار تھے تاہم شہریوں کی خواہش آج پوری ہوئی اور کراچی کے علاقے گلشن معمار، فیڈرل بی ایریا، لیاقت آباد، لسبیلہ، ملیر، شاہ فیصل کالونی، لانڈھی، کورنگی،ڈیفنس، صدر، کھارادر، سلطان آباد، سائٹ، بلدیہ ٹاؤن اور اورنگی سمیت کئی علاقوں میں بارش نے گرمی کے مارے لوگوں کے چہروں کو ایک بار پھر تروتازہ کردیا۔ بارش کے مزے کا لطف اٹھانے کے لئے منچلے نوجوانوں کی بڑی تعداد نے ٹولیوں کی شکل میں ساحل سمندر کا رخ کیا جبکہ بارش کی مناسبت سے کھانے پینے کی دکانوں پر بھی خاصا رش دیکھا گیا، محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا یہ سلسلہ جمعرات اور جمعے کی درمیانی رات تک جاری رہے گا۔ دوسری جانب بارش کے باعث شہر کے 85 سے زائد فیڈر ٹرپ ہوجانے سے کئی علاقوں کو بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی ، کے ای ایس سی حکام کا کہنا ہے کہ بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے لئے ٹرانسمیشن لائنوں، سب اسٹیشنز اور پی ایم ٹیز میں پیدا ہونے والی فنی خرابیوں کو دور کیا جارہا ہےاور جلد ہی بجلی کی فراہمی بحال ہوجائے گی۔
تبصرے بند ہیں.