کراچی: لیاری میں نصف گھنٹے میں 10 دستی بم حملے، 2 افراد جاں بحق، 6 زخمی

کراچی: لیاری میں جاری مسلح حملوں میں تیزی آگئی نصف گھنٹے کے دوران 10 دستی بم اور فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے۔ لیاری میں جاری گینگسٹرز کی لڑائی تیسرے دن بھی تھم نہ سکی ، آج بھی لیاری کے علاقوں ہنگور آباد مندر محلہ ، الفلاح روڈ ، احمد شاہ بخاری روڈ ، جی روڈ ،شاہ عبدالطیف روڈ ،آگرہ تاج کالونی میں بھی وقفے وقفے سے شدید فائرنگ کاسلسلہ جاری ہے جبکہ نصف گھنٹے کے دوران 10 دستی بم حملے کئے گئے جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے جبکہ فائرنگ سے زخمی ہونے والوں میں عبدالستار ، عبدالحق ، عبدالحفیظ ، یونس ،ابراہیم اور قاسم و دیگر شامل ہیں جنہیں طبی امداد کی فراہمی کے لئے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔ لیاری میں گینگسٹرز کی لڑائی کی وجہ سے لیاری کے مختلف علاقے جنگ کا منظر پیش کررہے ہیں ، دستی بموں اور راکٹوں سے لیس مسلح افراد گلیوں میں گشت کررہے ہیں ، گینگسٹرز نے مکانوں کی چھتوں پر مشین گنیں نصب کردی ہیں ، کشیدہ صورت حال کے باعث علاقہ مکین 3 دن سےگھروں میں محصور ہیں اور ان کے پاس کھانے پینے کی اشیا بھی ختم ہوگئیں، دوسری جانب بلدیہ کے علاقے مواچھہ گوٹھ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا، مقتول کی لاش کو سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ، پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت نہیں ہوسکی۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز مسلح افراد کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 12 افراد جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے تھے، دوسری جانب پولیس اور رینجرز لیاری کے مختلف علاقوں میں تین دن سے جاری بدامنی کے باوجود کا علاقے میں داخل ہو کر جرائم پیشہ گینگسٹرز کے خلاف کارروائی سے گریز کررہے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.