کراچی : فائرنگ اور دیگر پرتشدد واقعات میں باپ بیٹے سمیت 4 افراد جاں بحق

کراچی: شہر قائد میں ٹارگٹ کلنگ اور فائرنگ کے دیگر واقعات میں آج بھی اب تک4 افراد کو موت کی نیند سلادیا گیا جن میں باپ بیٹا بھی شامل ہیں۔ گارڈن کے علاقے دھوبی گھاٹ سے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب پولیس کو 2 بوری بند لاشیں ملیں جنہیں ملزمان نے تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد گولیاں مار کر قتل کردیا تھا۔ مقتولین کی شناخت عبدالواحد اور اس کے جواں سال بیٹے محمد بلال کی حیثیت سے ہوئی۔ اورنگی ٹاون کے علاقے اسلام چوک پر موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے محمد کلیم جاں بحق ہوگیا، اس کے علاوہ ماڑی پور روڈ سے بھی نامعلوم شخص کی بوری بند لاش ملی۔ دوسری جانب شہر میں ڈکیتی و رہزنی کی 30 سے زائد وارداتوں میں شہری لاکھوں روپے نقد ، طلائی زیورات ، موبائل فونز، کریڈٹ کارڈز اور دیگر قیمتی سامان سے محروم ہوگئے تاہم پولیس ان وارداتوں میں ملوث ایک بھی ملزم کو گرفتار نہ کرسکی، رینجرز نے نادرن بائی پاس پر آپریشن کرکے 50 سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر اسلحہ ، منشیات اور دیگر سامان قبضے میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔

تبصرے بند ہیں.