کراچی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں ترقیاتی کاموں کا افتتاح

کراچی: کراچی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں ترقیاتی کاموں کا افتتاح کردیا گیا ہے۔ ای پی زیڈ اے اپنے ذرائع سے ترقیاتی پروگراموں کے لیے 49 کروڑ 56 لاکھ 60 ہزار روپے مہیا کرے گی، ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلیے بہترین اانفراسٹرکچر کا قیام ای پی زیڈ اے کی ترقی میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین ایکسپورٹ پروسیسنگ زون محمد سعادت ایس چیمہ نے کراچی زون کے فیز II میں ترقیاتی کاموں کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کراچی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون ایک ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے، جہاں سرمایہ کاری اور صنعتکاری کے تمام آپریشنز ون ونڈو سروس کے ذریعے دیے جاتے ہیں، صنعتکاروں کو ہر ممکن مزید سہولتیں دینے کیلیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے،ای پی زیڈ اے کی جانب سے فیکٹریوں کے ملازمین اور گردونواح کی مقامی آبادی کیلیے 50 بستروں پر مشتمل اسپتال اور یوٹیلٹی اسٹورکا کام تیزی سے جاری ہے اور امید کی جاتی ہے کہ رواں سال کے آخر تک مکمل کرلیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے تمام زونز میں صنعتکاروں کو یکساں سہولتیں میسر کی جاتی ہیں اور پاکستان کے زونز کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ اس کا شمار دنیا کے سستے ترین زونز میں ہوتا ہے، پاکستان کے صنعتی علاقوں میں ماحولیاتی آلودگی سے پاک سرسبز ترین علاقہ بھی شمار کیا جاتا ہے، مارکیٹنگ کے شعبے کو ہمیں جدید خطوط پر استوار کرنا ہوگا، سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں کوای پی زیڈ اے اور پاکستان میں سرمایہ کاری لانے کے لیے ہمیں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بند صنعتی یونٹس کے لیے ایک جامع اور آسان پالیسی مرتب کی گئی ہے جس سے سرمایہ کار بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ چیئرمین سعادت ایس چیمہ نے کہا کہ موجودہ حکومت سرمایہ کار اور صنعتکار دوست حکومت ہے، امید کی جاتی ہے پاکستان میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے موجودہ حکومت بہتر اقدامات کرے گی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر انویسٹمنٹ پروموشن محمد حسن نقوی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ترقیاتی کاموں میں ڈسپلے سینٹر، روڈ، واٹر سپلائی، سیوریج، فائر فائٹنگ اور باؤنڈری وال کی تکمیل کا کام تیزی سے جاری ہے۔

تبصرے بند ہیں.