کراچی: اسکول پر دستی بم حملہ، دیگر واقعات میں 6 افراد ہلاک

کراچی: کراچی کے علاقے اورنگی ٹاوٴن میں اسکول پر دستی بم حملے میں تین بچے زخمی ہوگئے، فائرنگ اور پر تشدد واقعات میں خاتون سمیت چھ افراد موت کی نیند سلا دیئے گئے۔ کراچی کے علاقے اورنگی ٹاوٴن کے شاہ فیصل محلے میں نامعلوم حملہ آوروں نے اسکول پر دستی بم پھینکا۔ ایس ایس پی ویسٹ آصف اعجاز شیخ کے مطابق حملہ آوروں نے نجی اسکول کی کھڑکی سے کلاس روم میں دستی بم پھینکا جس سے سات سالہ فاطمہ اور دس سالہ اظہار سمیت تین بچے زخمی ہوگئے، زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ دوسری جانب کراچی میں قتل و غارت گری کا سلسلہ جاری ہے، ملیر کے علاقے چمن گوٹھ اور نیو کراچی انڈسڑیل ایریا سے دو خواتین کی لاشیں برآمد ہوئیں، بہار کالونی میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوا۔ ریلوے کالونی سے بتیس سالہ تاج منیر اور بیس سالہ حسن ولد خطاب کی تشدد زدہ لاشیں ملیں۔ پولیس کے مطابق مقتولین کو اغوا کے بعد فائرنگ کر کے قتل کیا گیا۔ ماڑی پور آگرہ تاج سے ایک شخص کی لاش ملی۔ پولیس کے مطابق مقتول کو اغوا کے بعد فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔

تبصرے بند ہیں.