کراچی اسٹاک مارکیٹ نچلی قیمتوں پر خریداری، مزید100پوائنٹس ریکور

کراچی اسٹاک ایکس چینج میں نچلی قیمتوں پر خریداری کے سبب جمعہ کو بھی تیزی کا رجحان رہا جس سے حصص کی مالیت میں20 ارب84 کروڑ66 لاکھ56 ہزار126 روپے کا اضافہ ہو گیا۔ ماہرین اسٹاک وتاجران کا کہنا تھا کہ جمعہ کو انسٹی ٹیوشنز کی سپورٹ کے علاوہ آئل ریفائنری اور بینکنگ سیکٹر کے حصص میں ہونے والی خریداری سرگرمیوں نے تیزی میں اہم کردار ادا کیا تاہم حبکو کے حصص کی فروخت پر دباؤ بدستور غالب رہا، کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 100.41 پوائنٹس بڑھ کر21775.39 ہوگیا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس54.28 پوائنٹس کے اضافے سے 16494.22 اور کے ایم آئی30 انڈیکس 237.51 پوائنٹس کے اضافے سے37033.41 ہوگیا۔کاروباری حجم جمعرات کی نسبت5.77فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر9 کروڑ 25 لاکھ 42 ہزار 100 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار323 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 192 کے بھاؤ میں اضافہ، 105 کے داموں میں کمی اور26 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

تبصرے بند ہیں.