کراچی اسٹاک مارکیٹ میں مندی، 2 نفسیاتی حدیں بیک وقت گرگئیں
کراچی: ماہ صیام کے پہلے دن ہی محدود سرگرمیوں اور فروخت پر دباؤ بڑھنے کے باعث کراچی اسٹاک ایکس چینج میں طویل دورانیے کے بعد مندی کے اثرات غالب رہے جس انڈیکس کی22900، 22800 کی دونفسیاتی حدیں بیک وقت گرگئیں۔ مندی کے باعث 69.04 فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں جبکہ سرمایہ کاروں کے39 ارب73 کروڑ72 لاکھ70 ہزار397 روپے ڈوب گئے، ماہرین اسٹاک کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں مندی عارضی نوعیت کی ہے جس میں چھوٹے سرمایہ کار اپنی مختصرالمیعاد سرمایہ کاری پلان کے تحت پرافٹ ٹیکنگ کررہے ہیں، ماہرین کا کہنا ہے کہ آئندہ چند سیشنز کے بعد مارکیٹ میں دوبارہ تیزی کا رحجان غالب ہوجائے گا کیونکہ بلحاظ سرمایہ کاری متعدد حصص اب بھی پرکشش ہیں۔ ٹریڈنگ کے دوران میوچل فنڈز اور بینکوں ومالیاتی اداروں کی جانب سے مجموعی طور پر74 لاکھ6 ہزار999 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری سے ایک موقع پر65.30 پوائنٹس کی تیزی سے انڈیکس کی23000 کی بلند ترین حد دوبارہ عبور ہوگئی تھی لیکن اس دوران غیرملکیوں کی جانب سیایک لاکھ 52 ہزار648 ڈالر، مقامی کمپنیوں کی جانب سے57 لاکھ67 ہزار 784 ڈالر ، این بی ایف سیز کی جانب سے46 ہزار704 ڈالر، انفرادی سرمایہ کاروں کی جانب سے11 لاکھ 39 ہزار599 ڈالر اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے3 لاکھ 265 ڈالر مالیت کے سرمائے کے انخلا کی وجہ سے مارکیٹ مندی کی جانب سے گامزن ہوگئی جسکے نتیجے میں کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس 237.81 پوائنٹس کی کمی سے 22747.13 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس197.88 پوائنٹس کی کمی سے 17733.44 اور کے ایم آئی30 انڈیکس535.61 پوائنٹس کی کمی سے39838.73 ہوگیا۔کاروباری حجم بدھ کی نسبت فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر17 کروڑ42 لاکھ50 ہزار290 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 336 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 86 کے بھاؤ میں اضافہ 232 کے داموں میں کمی اور18 کی قیمتوں میں استحکام رہا، جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں رفحان میظ کے بھاؤ189.95 روپے بڑھکر 5189.95 روپے اور سینوفی ایونٹیز کے بھاؤ24.05 روپے بڑھکر505.05 روپے ہوگئے جبکہ پاکستان سروسز کے بھاؤ 12.86 روپے کم ہوکر 287.13 روپے اور پی ایس او کے بھاؤ9.20 روپے کم ہوکر337.60 روپے ہوگئے
تبصرے بند ہیں.