کراچی اسٹاک مارکیٹ، انڈیکس 22359 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

کراچی: ملک میں توانائی بحران کے حل کے لیے نومنتخب وزیراعظم نوازشریف کی جانب سے اقدامات شروع کیے جانے اورایم سی بی بینک میں وسیع پیمانے پر سرمایہ کاری کے باعث کراچی اسٹاک ایکس چینج میں جمعہ کو بھی تیزی کا رحجان غالب رہا جس سے انڈیکس 22358.96 پوائنٹس کی نئی بلندترین سطح پر پہنچ گیا۔ تیزی کے باعث52.27 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں مزید9 ارب 28 کروڑ 97 لاکھ34 ہزار324 روپے کا اضافہ ہوگیا۔ ماہرین اسٹاک وتاجران کا کہنا ہے کہ کیپٹل مارکیٹ میں معیشت کے حوالے سے مثبت توقعات پر ہونے والی خریداری سرگرمیوں نے مارکیٹ کے مورال کو مستقل بنیادوں پر بلند رکھا ہوا ہے، یہی وجہ ہے کہ مخصوص بلیوچپس ایم سی بی بینک، پی ایس او، اٹک پٹرولیم، حبیب بینک کے علاوہ کم قیمت چھوٹے ودرمیانے درجے کی کمپنیوں کے حصص بھی سرمایہ کاری کے لیے پرکشش ثابت ہورہے ہیں۔ چھوٹے سرمایہ کاروں کے ساتھ بڑے سرمایہ کارگروپس بھی درمیانے اور چھوٹے درجے کے کم قیمت حصص میں وسیع پیمانے پر سرمایہ کاری کررہے ہیں جس سے نہ صرف ان کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافے کا رحجان غالب ہوگیا ہے بلکہ مارکیٹ انڈیکس کی نمومیں بھی یہ حصص اہم کردار ادا کررہے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.