کراچی:پی ایس 128 کے 6 پولنگ اسٹیشنوں پردوبارہ پولنگ جاری
کراچی: سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 128 کے 6 پولنگ اسٹیشنوں پر فوج کی نگرانی میں دو بارہ پولنگ جاری ہے۔ پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام پانچ بجے تک جاری رہے گا، توحید آباد، داؤدچالی، بسم اللہ کالونی، رضی مارکیٹ اور فردوس کالونی میں قائم 6 پولنگ اسٹیشنوں پر 9 ہزار 547 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ پیپلز پارٹی، اے این پی اور تحریک انصاف کی جانب سے پولنگ کے بائیکاٹ کے بعد اس حلقے میں ایم کیوایم کے سید وقار شاہ اور متحدہ دینی محاذ کے مولانا اورنگزیب فاروقی کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے ان پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں، پولنگ عملہ اور انتخابی سامان کی ترسیل فوج کی نگرانی میں کی گئی ، پولنگ اور ووٹوں کی گنتی تک ہر پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر فوجی تعینات کئے گئے ہیں جن کے ساتھ پولیس اور رینجرز اہلکار بھی موجود ہیں۔ واضح رہے کہ انتخابات کے روز ہونے والے دھماکے کے باعث ان پولنگ اسٹیشنز انتخابی عمل متاثر ہوا تھا، ان پولنگ اسٹیشنز سے آنے والے نتائج پر متحدہ دینی محاذ کے امیدوار اورنگزیب فاروقی نے شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا، عدالتی حکم کے تحت یہاں دوبارہ پولنگ کرائی جارہی ہے۔
تبصرے بند ہیں.