ڈومینک تھیم، ڈینیئل مدویدوف اور آندرے روبلوف کی پیش قدمی جاری،

ڈینیئل مدویدوف، روس کے ہی آندرے روبلوف یو ایس اوپن ٹینس مینز سنگلز کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے

نیویارک(سپو ر ٹس ڈیسک)آسٹریا کے ڈومینک تھیم، روس کے ڈینیئل مدویدوف، روس کے ہی آندرے روبلوف اور آسٹریلیا کے الیکس ڈی مینااپنی پیش قدمی کو برقرار رکھتے ہوئے رواں سال کے دوسرے گرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے جبکہ اٹلی کے میٹیو بریٹینی، کینیڈین واسک پوسپیسل اور امریکہ کے فرانسس تیافو پری کوارٹر فائنل میں ہار کر میگا ایونٹ سے باہر ہوگئے۔رواں سال کا دوسرا گرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ امریکہ کے شہر نیویارک سٹی میں جاری ہے۔ یو ایس ٹی اے بلی جین کنگ نیشنل ٹینس سینٹر میں کھیلے جا رہے میگا ایونٹ کے مینز سنگلز پری کوارٹر فائنل میچز میں آسٹریا کے سیکنڈ سیڈ ڈومینک تھیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کینیڈین حریف کھلاڑی فیلیکس آیگر کو سٹریٹ سیٹس میں 7-6(7-4)، 6-1 اور 6-1 سے ہرا کر کوارٹر فائنل راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔روس کے ٹینس سٹار اور ایونٹ کے تھرڈ سیڈڈ ڈینیئل مدویدوف نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان کھلاڑی فرانسس تیافو کو سٹریٹ سیٹس میں 6-4، 6-1 اور 6-0 سے مات دیکر میگا ایونٹ کا ٹاپ ایٹ مرحلہ کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ روس کے ہی آندرے روبلوف نے بھی پری کوارٹر فائنل لائن عبور کر لی، انہوں نے اٹلی کے میٹیو بریٹینی کو پہلے سیٹ میں 4-6کی شکست کے باوجود اگلے سٹریٹ سیٹس میں 6-3،6-3 اور 6-3 سے شکست دی۔ ایک اور میچ میں آسٹریلیا کے الیکس ڈی مینا نے حریف کینیڈین واسک پوسپیسل کو 7-6، 6-3 اور 6-2 سے ہرا دیا۔

تبصرے بند ہیں.