چیمپئنز ٹرافی؛ بوجھ اٹھانے سے قبل کلارک کی کمر جواب دے گئی

لندن / سڈنی: چیمپئنز ٹرافی کا بوجھ اٹھانے سے قبل ہی آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک کی کمر پھر جواب دے گئی۔ تکلیف کے باعث وہ بھارت کے خلاف گذشتہ روز کارڈف میں وارم اپ میچ بھی نہیں کھیل پائے، ہفتے کو روایتی حریف انگلینڈ سے ایونٹ کے پہلے میچ میں بھی شرکت مشکوک قرار دی جارہی ہے۔ فزیو تھراپسٹ الیکس کا کہنا ہے کہ مائیکل کلارک بدستور اپنی کمر میں تکلیف محسوس کررہے ہیں، وہ وارم اپ میچ کیلیے فٹ نہیں تھے، کپتان بدھ کو لندن میں ایک اسپیشلسٹ سے معائنہ کرائیں گے جس کے بعد اگلے میچ میں شرکت کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔دریں اثنا مائیکل کلارک آسٹریلیا کے 6 ملین ڈالر مین بن گئے، انھیں اپنے ملک کے سب سے زیادہ آمدنی والے کھلاڑی کا اعزاز بھی حاصل ہوگیا، اس کی بڑی وجہ کرکٹ آسٹریلیا کی حال ہی میں چینل نائن اور ٹین کے ساتھ ہونے والی انتہائی بیش قیمت ڈیل ہے۔ سی اے نے اپنے انٹرنیشنل کرکٹ حقوق پرانے نشریاتی پارٹنر چینل نائن کو اگلے پانچ برس کے لیے 400 ملین ڈالر اور بگ باش لیگ کے نشریاتی حقوق اتنی ہی مدت کے لیے 100 ملین ڈالر میں چینل ٹین کو فروخت کیے۔ اس نئی ڈیل کی بدولت رواں برس آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک اپنے بورڈ سے 2.5 ملین معاوضہ حاصل کریں گے،ذاتی اسپانسرشپس، اشتہارات اور آئی پی ایل سے حاصل ہونے والی رقم ان کی آمدنی کو ڈبل سے بھی زیادہ کردے گی،اسی طرح باقی پلیئرز کے معاوضوں میں بھی اضافہ ہوگا

تبصرے بند ہیں.