چیمپئنز لیگ کا تاج بھی ممبئی انڈینز کے سر پر سج گیا

vدہلی: چیمپئنز لیگ کا تاج بھی ممبئی انڈینز کے سر پر سج گیا، آئی پی ایل چیمپئن نے فائنل میں راجستھان رائلز کو 33 رنز سے پچھاڑا۔ کیرون پولارڈ نے اختتامی تین وکٹیں اڑائیں، ہربھجن سنگھ نے پہلے 4 وکٹیں لے کر رائلز کا راستہ دشوار بنایا، اجنکیا راہنے اور سنجو سیمسن کی ففٹیز بھی کسی کام نہ آئیں، اس سے قبل ممبئی نے 6 وکٹ پر 202 رنز بنائے۔ تفصیلات کے مطابق ممبئی انڈینز نے آئی پی ایل کے بعد چیمپئنز لیگ کا ٹائٹل بھی اپنے نام کرلیا، اس طرح اس نے اپنے اہم ترین ممبر سچن ٹنڈولکر کو شاندار الوداعی تحفہ دیا جوکہ اپنے کیریئر کا آخری لیگ ٹوئنٹی 20 میچ کھیل رہے تھے۔ اس مقابلے میں فتح کے لیے راجستھان رائلز کو 203 رنز کا ہدف ملا مگر پوری ٹیم 18.5 اوورز میں 169 رنز پر آئوٹ ہوگئی۔ پہلے ہی اوور کی چوتھی گیند پر کوشل پریرا (8) رن آئوٹ ہوگئے تاہم اجنکیا راہنے اور سیمسن نے مجموعے کو 117 تک پہنچایا۔سیمسن 60 رنز پر اوجھا کی گیند پر ہربھجن کا کیچ بنے جبکہ 65 رنز بناکر راہنے ہربھجن کی گیند پر اسمتھ کے ہاتھوں کیچ ہوگئے، اس کے بعد کوئی بھی بیٹسمین سنبھل کر نہیں کھیل پایا۔اختتامی ٹی ٹوئنٹی کھیلنے والے راجستھان رائلز کے کپتان راہول ڈریوڈ صرف ایک رن بنا پائے، وہ 8 ویں پوزیشن پر بیٹنگ کیلیے آئے، سب سے زیادہ نقصان ہربھجن سنگھ نے پہنچایا جنھوں نے 32 رنز دے کر 4 وکٹیں لیں۔ سیکنڈ لاسٹ اوور میں کیرون پولارڈ نے چار بالز پر تین وکٹیں لیں۔ اس سے قبل ممبئی انڈینز نے 6 وکٹ پر 202 رنز بنائے، سچن ٹنڈولکر نے ٹوئنٹی 20 کیریئر کا اختتام 15 رنز کی اننگز پر کیا، انھیں شین واٹسن نے نشانہ بنایا،ڈیوائن اسمتھ نے 44 رنز پر ٹیمبے کو وکٹ دی۔ گلین میکسویل نے 37 رنز اسکور کیے جبکہ کپتان روہت شرما نے 33 رنز بنائے۔ پراون ٹیمبے نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

تبصرے بند ہیں.