چھوٹے تاجروں کا سیلز ٹیکس میں اضافے کیخلاف مہم کا اعلان

کراچی: چھوٹے تاجروں نے وفاقی بجٹ کو وڈیرہ شاہی اور عالمی اداروں کا بجٹ قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے اور فوری طور پر سیلز ٹیکس میں کیا جانے والا ایک فیصد اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ سندھ تاجر اتحاد نے واضح کیا ہے کہ اگر سیلز ٹیکس میں کیا گیا اضافہ واپس نہ لیا گیا تو سندھ بھر کے تاجر احتجاجی تحریک کا آغاز کردیں گے۔ سندھ تاجر اتحاد اور اس میں شامل کراچی سمیت سندھ بھر کے تاجروں کا ہنگامی اجلاس جمعرات کو اتحاد کے چیئرمین جمیل احمد پراچہ کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں اتحاد کے سندھ کے صدر قیوم قریشی، کاشف صابرانی، اسماعیل لال پوریہ، جاوید قریشی، حاجی ایوب نظامی،سلیم میمن، حبیب شیخ، راشد علی شاہ، مقصود احمد، سیف الامین، جاوید عبداللہ، سلیم بٹلہ، محمد ارشد، حسین قریشی اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں بجٹ 2013 کا مکمل طور پر جائزہ لیا گیا اور اس میں لگائے گئے ٹیکسز سمیت دیگر امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ بعد ازاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اتحاد کے چیئرمین جمیل احمد پراچہ اور دیگر نے کہا کہ بجٹ 2013 میں عوامی ریلیف کے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے۔ ان رہنمائوں نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ نئی آنے والی حکومت نے حکومت میں آنے سے قبل ہی بجٹ تیار کرلیا تھا اور زمینی حقائق کے برخلاف یہ بجٹ پیش کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں جی ایس ٹی کی شرح میں ایک فیصد اضافہ مہنگائی کی شرح میں 5 فیصد اضافے کے مترادف ہے۔

تبصرے بند ہیں.