پی پی پارلیمنٹ کے اندر اور باہرمثبت اپوزیشن کریگی، شرجیل میمن

کراچی: پیپلز پارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات اورصوبائی وزیراطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہاہے کہ پیپلزپارٹی پارلیمنٹ کے اندراورباہرمثبت اپوزیشن کا کردار ادا کرے گی اورموجودہ وفاقی حکومت کو پٹری سے اتارنے کی کوئی بھی کوشش نہیں کی جائیگی۔ یہ بات انھوں نے جمعے کوجاری بیان میں کہی۔ انھوں نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی تنقیدبرائے تنقیدکی پالیسی پریقین نہیں رکھتی بلکہ وہ ایک جمہوری اور اصول پسندجماعت ہے جوصرف عوامی مسائل پرمخالفت یاحمایت کرنے پریقین رکھتی ہے۔انھوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی اس بات پربھرپور یقین رکھتی ہے کہ وطن عزیزمیں جمہوریت کے تسلسل میں ہی عوام کے مسائل کاحل موجودہے ۔انھوں نے اپنے بیان میں مزیدکہاکہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان کی تاریخ میں انتہائی اہم اقدامات کیے ہیں جن میں پارلیمنٹ کوجمہوری بنیادپرمضبوط کرنااورپاکستانی سیاست میں مفاہمت کی پالیسی کو متعارف کرواکرحقیقی معنوں میں سیاسی شعور کی راہ ہموارکرناشامل ہے ۔صوبائی وزیراطلاعات نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے اپنے اختیارات پارلیمنٹ کوسونپ کر ملک میں حقیقی جمہوریت کی راہ ہموار کی، اس وقت پاکستان کوسنگین مسائل درپیش ہیں اوران مسائل کا مقابلہ اسی صورت کیاجاسکتا ہے جب پوری قوم متحدہوکران مسائل کے خلاف نبرد آزماہو،اقتدارکی پرامن اور جمہوری طریقے سے منتقلی بھی صدر مملکت آصف علی زرداری کاایک کارنامہ ہے جوآنے والی جمہوری حکومتوں کیلیے مشعل راہ ہے۔

تبصرے بند ہیں.