پی آئی اے انتظامیہ کو مستقل بنیادوں پر کام کرنے دینے کا مطالبہ
لاہور: پی آئی اے حصص یافتگان کے56 ویں سالانہ اجلاس کا گزشتہ روز انعقاد کیا گیا جس کی صدارت سینئر ممبر بورڈ آف ڈائریکٹرز پی آئی اے حسین لوائی نے کی۔ پی آئی اے کے منیجنگ ڈائریکٹر جنید یونس اور ممبر بورڈ جاوید اختر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ پی آئی اے حصص یافتگان نے طیاروں کی کمی اور دوسرے عوامل خصوصاً انتظامیہ کی بار بار تبدیلی کے باوجود ایئر لائن آپریشن کو جاری رکھنے کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایئر لائن انتظامیہ کو مستقل بنیادوں پر کام کرنے دیا جائے تاکہ وہ اپنے منصوبوں کو عملی جامہ پہناتے ہوئے مطلوبہ نتائج حاصل کر سکیں۔ قبل ازیں محمد جنید یونس نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایئرلائن کو اپنی ضروریات پوری کرنے کے لیے فوری طور پر اپنے فضائی بیڑے میں نئے طیارے شامل کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کم تیل خرچ کرنے والے 12 طیارے شامل کرنے کے لیے کوشاں ہے جس سے ایئر لائن اپنے کسٹمرز کو بہتریں سروس فراہم کرنے کے قابل ہو گی اور اس سے تیل اور مرمت کی مد میں ہونے والے اخراجات میں بچت ہو گی۔ایئرلائن انڈسٹری کے مطابق 35 فیصد تیل کے اخراجات کے مقابلے میں پی آئی اے تقریباً 60 فیصد خرچ کر رہی ہے۔ اس موقع پر حسین لوائی نے کہا کہ پی آئی اے بہت جلد پہلے مرحلے میں 4 طیارے اپنے ذرائع سے لیز پر حاصل کرے گی اور اس کے لیے مزید کوئی قرض نہیں لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شیئر ہولڈرز کی ایئر لائن معاملات میں متحرک شرکت کے لیے ایک شکایتی سیل قائم کیا جائے گا۔ بعد ازاں حصص یافتگان نے 2012 کے سالانہ حسابات کی منظوری دے دی۔
تبصرے بند ہیں.