پیپلزپارٹی کے قائدین کے خلاف اسلام آباد میں مقدمہ درج

 اسلام آباد(سماء نیوز)پولیس کی جانب سے سرکار کی مدعیت میں پیپلزپارٹی کے رہنماؤں اور قائدین کے خلاف تھانہ سیکرٹریٹ میں مقدمہ درج کیا گیا جس میں سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر اور راجہ شکیل عباسی سمیت 70 جیالے نامزد ہیں جب کہ مقدمے میں پولیس اہلکاروں پر حملہ، کارسرکار میں مداخلت اور توڑپھوڑ کی دفعات شامل ہیں۔پولیس کی جانب سے درج مقدمے میں غیر قانونی جلوس، حکومتی اداروں کے خلاف توہین آمیز نعروں کی دفعات بھی شامل ہیں جب کہ مقدمہ میں کہا گیا کہ پیپلزپارٹی کارکن جلوس کی شکل میں نادراچوک آئے، کارکن حکومت، نیب کے خلاف توہین آمیز نعرے لگا رہے تھے، علاقہ مجسٹریٹ نے دفعہ 144 کے نفاذ سے آگاہ کرتے ہوئے منتشر ہونے کا کہا لیکن پی پی پی کارکنوں نے پولیس اہلکاروں پرحملہ کردیا اور کارکن رکاوٹیں توڑتے ہوئے نیب آفس کے بیرونی گیٹ تک پہنچ گئے۔مقدمہ میں کہا گیا کہ پی پی پی کارکنوں کے حملے میں 9 پولیس اہلکار وصحافی زخمی ہوئے، حملہ کرنے والے پیپلز پارٹی کے 20 کارکن گرفتار ہوئے اور مصطفیٰ نوازکھوکھر، راجہ شکیل سمیت 50 افراد فرار ہو گئے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مصطفیٰ نواز کی گرفتاری کیلئے چیئرمین سینیٹ سے رابطہ کیا جائے گا اور چیئرمین سینیٹ کی اجازت کے بعد مصطفیٰ نواز کی گرفتاری کا امکان ہے۔

تبصرے بند ہیں.