پہلےٹی20میں پاکستان کی ویسٹ انڈیز کوشکست،دوسرامیچ آج ہوگا
پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں سنسنی خیز مقابلے بعد دو وکٹوں سے شکست دے دی۔۔ دو میچوں کی سیریز میں پاکستان کو ایک صفر کی برتری حاصل ہوگئی۔ سیریز کا دوسرا میچ آج کھیلا جائے گا۔ پہلے میچ میں فتح سے پاکستان کی رینکنگ میں ایک درجہ بہتری آئی ہے اور پاکستان نے آئی سی سی رینکنگ میں تیسری پوزیشن حاصل کرلی۔ کیریئر کا پہلا میچ کھیلنے والے عمر امین اور ذوالفقار بابر کی پرفارمنس نے سب کوحیران کردیا۔ پل پل رنگ بدلتی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں پاکستان نے مختصرترین فارمیٹ کی عالمی چیمپئن ٹیم پر اپنی برتری ثابت کردی۔۔ کنگز ٹاؤن میں کھیلے گئے پہلے میچ میں ویسٹ انڈین کپتان نے ٹاس جیت کربیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ تیرہ کے مجموعے پر کپتان محمد حفیظ نے دونوں اوپنرز کو پویلین بھیج دیا۔ ذوالفقار بابر نے اپنے پہلے انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں تئیس رنز دیکر تین وکٹیں حاصل کئیں۔ بارش کی بار بار مداخلت کے باوجود میزبان ٹیم نے مقررہ بیس اوورز میں سات وکٹوں پرایک سو باون رنز بنائے۔ جواب میں پاکستان کا آغاز بھی تباہ کن انداز میں ہوا۔ دونوں اوپنرز دس کے مجموعے پر چلتے بنے۔ پھرعمر امین نے رنگ دکھانا شروع کیا اور سینتالیس رنز بنا کر ڈیبیو پرسب سے زیادہ رنز بنانے کا قومی ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ شاہد آفریدی کے جارحانہ چھیالیس رنز نے ٹیم کو جیت کے قریب پہنچا دیا۔ آخری گیند پر جب پاکستان کو فتح کیلئے ایک رن درکار تھا۔ ذوالفقار بابر نے شاندار چھکا لگا دیا۔ شاہد آفریدی کو میچ کا بہترین کھلاڑی ٹھہرایا گیا۔ اس جیت نے پاکستان کو رینکنگ میں تیسری پوزیشن دلادی۔ آج کا آخری میچ جیت کرگرین شرٹس ٹیم دوسری پوزیشن حاصل کرسکتی ہے۔
تبصرے بند ہیں.