پولیس مقابلے میں کالعدم لشکر جھنگوی کے 6 دہشت گرد ہلاک، 3 پولیس اہلکار زخمی

ماڑی پور لکی پہاڑی کے قریب پولیس مقابلے میں کالعدم لشکر جھنگوی کے 6 دہشت گرد مارے گئے جبکہ 3 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ سی آئی ڈی پولیس نے بروقت کارروائی کر کے شہر میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنادیا، سی آئی ڈی پولیس نے خفیہ اطلاعات پر ماڑی پور کے علاقے لکی پہاڑی کے قریب چھاپہ مارا تو دہشت گردوں نے ان پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے، پولیس کی جانب سے جوابی فائرنگ سے 6 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، تاہم زخمی اہلکاروں کو طبی امداد کے لئے سول اسپتال منتقل کردیا، مقابلے کے بعد پولیس نے دہشت گردوں کے قبضے سے 2 خود کش جیکٹس، 5 کلاشنکوف، دستی بم اور اسلحے سے بھری گاڑی برآمد کرلی۔ ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم خان کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم لشکر جھنگوی سے ہے، جبکہ دہشت گردوں نے یوم عاشور کے جلوسوں اور حسینیہ ایرانیہ امام بارگاہ کھارادر میں بڑی دہشتگردی کا منصوبہ بنا رکھا تھا، چوہدری اسلم خان نے بتایا کہ مقابلے میں کالعدم لشکر جھنگوی کراچی میں امیر گل حسن بھی مارا گیا، گل حسن جسٹس مقبول باقر حملہ کیس،امام بارگاہ علی رضا اور حیدری دھماکوں سمیت دہشت گردی کی کئی وارداتوں کا ماسٹر مائنڈ تھا، جبکہ دیگر ملزمان 50سے زائد جرائم پیشہ وارداتوں میں ملوث تھے۔

تبصرے بند ہیں.