لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر صوبے میں گڈگورننس کونسل تشکیل دے دی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کونسل کے سربراہ ہوںگے جبکہ صوبائی وزراء میاں محمود الرشید،یاسمین راشد،یاسر ہمایوں،مراد راس،فیاض الحسن چوہان،انصر مجید خان نیازی،مشیر آصف محمود،اراکین پنجاب اسمبلی،سید یاور عباس بخاری،عائشہ چوہدری،ملک تیمور مسعود،واثق قیوم عباسی،چوہدری محمد عدنان،محمد لطیف نذراورسیکرٹری گڈگورننس کمیٹی پاکستان تحریک انصاف کرنل(ر) اعجاز منہاس کونسل کے ممبران ہوںگے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیر صدارت گڈگورننس کونسل کا پہلا اجلاس وزیراعلیٰ آفس میں منعقد ہوا جس میں عوام کے مسائل کے حل، سروس ڈلیوری میں بہتری اورگڈگورننس کے حوالے سے مشاورت کی گئی اور حکومت کی کارکردگی کو موثر انداز میں عوام کے سامنے لانے کیلئے تجاویز کا جائزہ لیاگیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دوبرس میں صوبے کے عوام کو بہترین خدمات کی فراہمی کے لئے محکموں میں بے پناہ اصلاحات کی گئی ہیں۔ سابق حکمران30برس میں وہ کام نہ کرسکے جو تحریک انصاف کی حکومت نے قلیل مدت میں کیا ہے ۔دفتر بیٹھنے کی بجائے فیلڈ میں جاکرزمینی حقائق خود دیکھتا ہوں ۔ گزشتہ رات لاہور کا تین گھنٹے تفصیلی دورہ کر کے عوامی مسائل سے آگاہی حاصل کی۔ کوتاہی اورفرائض سے غفلت برتنے پر فوری ایکشن لیتے ہوئے متعلقہ افسروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔ لاہورکے بعد دیگر شہروں کے بھی سرپرائز وزٹ کروںگا۔ انہوں نے کہا کہ گڈگورننس کو یقینی بنانے کیلئے آخری حد تک جائیںگے اور کسی کو عوامی خدمت کے سفر میں حائل نہیں ہونے دیںگے۔بغیر پروٹوکول دورے سے جو فیڈ بیک ملتا ہے ،اس سے عوامی مسائل حل کرنے میں مدد ملتی ہے ۔ ٹھنڈے کمروں میں ہونے والی بریفنگز کچھ اور ہوتی ہیں اورزمینی حقائق کچھ اور۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ میںعوام کا نمائندہ ہوں اوران کے مسائل حل کرنا میری ذمہ داری ہے ۔صوبائی وزراء اورمنتخب نمائندے بھی اپنے علاقوں میں عوامی مسائل کے حل کیلئے وزٹ کریں ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے کارکنوں سے بھی مستقل رابطہ رکھا جائے گا۔
تبصرے بند ہیں.