لاہور( کامرس ڈیسک) چیئرمین پنجاب ریو نیو اتھارٹی زین العابدین نے کہا ہے کہ قوی امید ہے کہ کورونا وباء کی وجہ سے مشکل صورتحال کے باوجود رواں سال کا ٹیکس وصولی کا ہدف حاصل کر لیں گے ، دوماہ میں 17.5ارب روپے کی ٹیکس وصولی کی ہے ، ٹیکس سپیس موجود ہے جسے پُر کرنے کی ضرورت ہے اور اس جانب پیشرفت کی جارہی ہے ۔ اپنے دفتر میں گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی آر اے زین العابدین ساہی نے کہا کہ جولائی سے اگست میں 17 ارب روپے ٹیکس وصولی ہوئی ہے ،اگست میں 8ارب اور 60 کروڑ اکٹھے کئے گئے جوگزشتہ سال کی نسبت 39 فیصد زیادہ ہیں۔کورونا کی وباء کی وجہ سے مشکلات کے باوجود افسران نے گزشٹہ سال کی نسبت ریکارڈ ٹیکس اکٹھا کر کے ثابت کیا ہے کہ پنجاب میں ٹیکس خلا موجود ہے جسے پُر کرنے کی ضرورت ہے اور افسران اس جانب پیشرفت کر رہے ہیں۔2019 کی نسبت 2020جولائی اور اگست پی آر اے کے لیے مثبت ثابت ہوئے ہیں۔انہوں نے افسران کی محنت اور کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ کورونا وباء کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال کے باعث حکومت نے 20 سروسز پر ٹیکس کی شرح16 فیصد سے کم کر کے 5فیصد کر دی ہے اس کے باوجود اگست میں گزشتہ سال کی نسبت39 فیصد زیادہ ٹیکس اکٹھا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ افسران کی تربیت کر کے انہیںٹیکس قوانین اور اخلاق کے دائرہ کار میں لا رہے ہیںتاکہ دوسر ے صوبوں کی نسبت پنجاب ریونیواتھارٹی زیادہ فعال ہو اور ٹیکس دہندگان کے اعتماد کو بحال کرکے ٹیکس بیس کوبڑھا یا جا سکے۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ کورونا وباء کی مشکل صورتحال کے باوجود رواں سال کا ٹیکس ہدف پورا کریں گے۔
تبصرے بند ہیں.