پنجاب میں نئے بلدیاتی نظام کے مسودے کی منظوری دیدی گئی

وزیراعظم عمران خان نے پنجاب میں نئے بلدیاتی نظام کے مسودے کی منظوری دے دی۔لاہور میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف پنجاب کی صوبائی پارلیمانی پارٹی اور صوبائی کابینہ کا مشترکہ اجلاس ہوا جس میں نئے بلدیاتی نظام کا مسودہ پیش کیا گیا اور سیکریٹری لوکل گورنمنٹ نے مقامی حکومتوں کے نظام پر بریفنگ دی۔اجلاس میں نئے بلدیاتی نظام کے مسودے کی منظوری دے دی گئی جسے جلد پنجاب اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر میاں محمودالرشید نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے شریف فیملی کے خلاف نئے کیسز کی تیاری مکمل کرلی ہے، وفاقی اور صوبائی حکومت کے اداروں نے نئے کیسز کے لیے مواد اکٹھا کر لیا۔میاں محمودالرشید نے کہا کہ شریف فیملی کے خلاف پہلے پرانے کیسز تھے مگر اب نئے مقدمات دائر ہونگے، وزیراعظم عمران خان نے وزراء کو شریف فیملی کے خلاف کرپشن کی معلومات سے آگاہ کیا اور مزید کرپشن بے نقاب کرنے کا ٹاسک دیا ہے۔

وزیر ہاؤسنگ پنجاب میاں محمود الرشید نے بتایا کہ پنجاب میں نیا بلدیاتی نظام دو درجوں پر مشتمل ہوگا جن میں تحصیل اور ویلیج کونسل شامل ہیں، ولیج کونسل اور محلہ کونسل کا انتخاب غیر جماعتی بنیادوں پر جبکہ تحصیل اور میونسپل کونسل کے انتخابات جماعتی بنیادوں پر کرائے جائیں گے۔محمود الرشید نے مزید کہا کہ شہروں میں میونسپل اور محلہ کونسل جبکہ دیہات میں تحصیل اور ویلیج کونسل ہوگی جو ضلع کونسل کو ختم کرکے قائم کی جائے گی۔

تبصرے بند ہیں.