پنجاب: خسرہ سے ہلاکتوں کی تعداد 96 ہوگئی

لاہور: پنجاب میں خسرہ روز بروز تشویش ناک صورتحال اختیار کرتا جا رہا ہے۔چلڈرن اسپتال لاہور میں خسرہ سے متاثرہ تین بچے دوران علاج دم توڑ گئے۔پانچ ماہ کے دوران صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد چھیانوے ہو چکی ہے۔ چلڈرن اسپتال لاہور میں خسرہ کے مرض میں مبتلا جوہر ٹاوٴن کا رہائشی دو سالہ حارث، سرگودھا کا ایک سالہ بابر اور چونگی امرسدھو کی رہائشی دوسالہ ذویا رات گئے دوران علاج دم توڑگئی جس کے بعد صوبے میں خسرہ سے ہونے والی اموات کی تعداد اب چھیانوے تک جا پہنچی ہے۔ ترجمان محکمہ صحت پنجاب کے مطابق چوبیس گھنٹوں کے دوران لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، ملتان، بہاولپور اور مظفرگڑھ سمیت صوبے کے دیگر اضلاع میں دو سو تینتالیس بچوں میں خسرے کے مرض کی تشخیص ہوئی ہے۔ پانچ ماہ کے دوران صوبے بھر میں متاثرہ بچوں کی تعداد تیرہ ہزارتین سو تریپن تک جا پہنچی ہے۔ لاہور کے مختلف سرکاری ہسپتالوں میں اس وقت خسرے کے مرض میں مبتلا ایک سو پچانوے بچے زیرعلاج ہیں۔

تبصرے بند ہیں.